ہمخیال جماعتوں کا اتحاد بنانے کی مساعی

پٹنہ ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار نے آج اشارہ دیا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل کانگریس اور بی جے پی کے خلاف ہمخیال جماعتوں کا ایک اتحاد تشکیل دیا جائے لیکن انہوں نے ایسے کسی اتحاد کو تیسرا یا چوتھا محاذ قرار دینے سے انکار کردیا۔ مسٹر نتیش کمار نے ’’بہار انوویشن فورم‘‘ کی ایک تقریب کے موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’مستقبل میں کئی ہمخیال جماعتوں کی جانب سے پارلیمنٹ میں ایک بلاک تشکیل دینے کے امکانات ہیں‘‘۔ بائیں بازو کی جماعتوں نے مختلف ریاستوں میں مختلف جماعتوں سے اتحاد یا نشستوں پر مفاہمت کی ہے۔

تاہم انہوں نے اس بلاک کو تیسرا یا چوتھا محاذ قراردینے سے انکار کردیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق جنتادل پریوار سے تعلق رکھنے والی کئی جماعتیں اب ایک دوسرے سے بات چیت کررہی ہیں۔ مسٹر نتیش کمارنے اگرچہ کسی بھی پارٹی کا نام نہیں لیا لیکن یہ اطلاعات گشت کررہی ہیں کہ سماج وادی پارٹی، ترنمول کانگریس، بیجوجنتادل (جے ڈی یو)، جے ڈی (ایس) اور بائیں بازو کی جماعتیں ایک اتحاد بنانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ مسٹر نتیش کمار نے کہا کہ گذشتہ سال اکٹوبر کے دوران دہلی میں منعقدہ سیکولر جماعتوں کے قومی کنونشن میں اکثر جماعتوں کا یہ احساس تھا کہ ہمخیال جماعتوں کا ایک بلاک تشکیل دیا جائے جس کے پیش نظر اس ضمن میں پہل کی جارہی ہے۔