ہر گھر میں پانی کی سربراہی کیلئے ٹھوس اقدامات ضروری۔ ڈپٹی اسپیکر پدمادیویندر ریڈی کا مشورہ

میدک۔4 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی ڈپٹی اسپیکر قانون سازاسمبلی شریمی ایم پدما دیویندر ریڈی نے اسمبلی ہاؤز میں واقع اپنے چیمبر میں ریاستی عہدیداروں کے بشمول ضلع میدک سے تعلق رکھنے والے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ میدک ٹاؤن میں انجام شدنی ترقیاتی کاموں اور مختلف محکمہ جات کی جانب سے منظورشدہ بجٹ کے استعمال میں سرعت پیدا کرنے کی غرض سے ایک خصوصی جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں پدما دیویندر ریڈی نے میدک ٹاؤن میں گھر گھر پانی کی سربراہی ایک منصوبہ بندی کے ذریعہ ٹھوس اقدامات پر زور دیا ۔ انہوں نے بتایا کہ میدک ٹاؤن میں پانی کی معقول سربراہی کیلئے حکومت نے 50کروڑ کی خصوصی گرانٹ جاری کی ہے ۔ اس فنڈ ی صحیح ڈھنگ کے ساتھ استعمال کے ذریعہ گھر گھر پانی کی سربراہی عمل میں لائیں ۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ عنقریب میں میدک کو ریلوے لائن سے مربوط کیا جارہا ہے ۔ جدید قائم کئے جانے والے ریلوے اسٹیشن تک بلدیہ کی جانب سے پانی کی سربراہی کیلئے پائپ لائن کی تنصیب عمل میں لائیں ۔ ڈپٹی اسپیکر کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ میں ان خیالات کا اظہار کیا گیا ۔ انہوں نے عہدیداروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن کے اطراف و اکناف جدید بسنے والی کالونیوں اور ٹاؤن کی اہم شاہراہ کی کشادگی کے کاموں کو جلد سے جلد آغاز کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جدید کالونیوں کو جہاں پانی کی قلت ہے ‘ بلدیہ کی جانب سے پائپ لائن کی تنقیب عمل میں لانے کی ہدایت دی ۔شریمتی ایم پدما دیویندر ریڈی نے ریاستی اسپورٹس آفیسر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس اسٹیڈیم میدک کیلئے منظور شدہ سوئمنگ پول ‘ باسکٹ بال اور والی بال کورٹ کو قائم کرنے کیلئے حکومت نے فنڈس کی اجرائی عمل میں لائی ہے جس کیلئے فی الفور ٹنڈرس طلب کرلئے جائیں اور تعمیری کام عمل میں لائیں ۔ انہوں نے ریاست کے سیاحتی عہدیداروں کو توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ میدک کے قریب واقع پوچاورم پراجکٹ کے گیسٹ ہاؤس کی ازسرنو تعمیر کے علاوہ پراجکٹ میں بوٹنگ کیسہولت فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں ۔ اس مقصد کیلئے جلد از جلد تخمینہ رپورٹ تیار کرتے ہوئے روانہ کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ میدک کے ایڈوپائل دیواستھالائم پر یاتریوں کو ٹھہرنے کیلئے 15لاکھ کی لاگت سے ایک وسیع ہال تعمیر کیا جائے گا ۔ انہوں نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کو توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ میدک بس ڈپو کو نئی بس سرویس کے الاٹمنٹ کیلئے فوری اقدامات کریں ۔ اس اجلاس میں اسپورٹس عہدیدار تلنگانہ ریاست مسٹر دیناکر بابو ‘ سکریٹری محکمہ ٹورازم مسٹر جی وینکٹیم ‘ ایگزیکٹیو ڈائرکٹر آر ٹی سی مسٹر ناگراج ‘ ریجنل منیجر ضلع میدک آر ٹی سی مسٹر رویندر ریڈی ‘ ڈی ایس او مسٹ ہری ناتھ ‘ نرسمہا ریڈی ‘ مدھو سدن راؤ ‘ صدر نشین بلدیہ میدک مسٹر اے ملکارجن گوڑ ‘ کمشنر انچارج بلدیہ میدک مسٹر رامیشور راؤ بھی موجود تھے ۔