ہر صبح کا آغاز خوشگوار کیسے ہو ؟

ہر خاتون کیلئے صبح کا وقت دن کا پسندیدہ وقت نہیں ہوسکتا ، خاص طور پر ایسی خواتین کیلئے جو رات کو دیر تک جاگنے کی عادی ہوں ۔ وہ جب دیر سے سوتی ہیں تو ان کی صبح بھی ہلچل والی ہوتی ہے ۔ وقت پر آنکھ نہ کھلنے کی وجہ سے انہیں بھاگ کر سارے کام نمٹانے پڑتے ہیں ۔

یوں ان کا موڈ خراب ہونے کی وجہ سے پورا دن بیکار گزرتا ہے ۔ یہاں ایسی خواتین کو چند اہم باتیں بتائی جارہی ہیں جن پر عمل کر کے وہ اپنی صبح کا آغاز خوشی خوشی اور پر سکون انداز میں کرسکیں گی ۔ انسانی رویے کے ماہرین کہتے ہیں ذہنی تشویش اور گھریلو ماحول میں صبح کے وقت ہونے والی کشیدگی سے انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں انسان کا مدافعتی نظام کمزور ہونے لگتا ہے جب کہ اس کے برعکس دن کا آغاز خوشگوار انداز میں کیا جائے تو اس بات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں کہ آپ کا دن چاق و چوبند اور صحت مند گزرے گا ۔ اس لیے خواتین کو یہی مشورہ دیا جاتا ہے کہ صبح کا آغاز خوش ہو کر کریں ۔صبح ذہنی طور پر مضبوط ہونے کیلئے عبادت اور جسمانی طور پر مضبوط رہنے کیلئے اچھا ناشتہ کریں ۔ کچھ کاموں کو رات میں ہی نمٹائیں ، وقت پر سوئیں الارم لگانا نہ بھولیں ، اس طرح جب سارے کام وقت پر ہوں گے تو ہر صبح کاآغاز خوشگوار ہی ہوگا ۔