ہر شخص کو اپنے حقوق کے بارے میں شعور ضروری

وقارآباد میں یوم انسانی حقوق تقریب، صدرنشین ایس سی ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر سرینواس اور کلکٹر عمر جلیل کا خطاب
حیدرآباد۔ 30 اگست (سیاست نیوز) وقارآباد میں آج یوم انسانی حقوق تقریب منائی گئی۔ کلکٹر سید عمر جلیل نے صدارت کی جبکہ ایس سی ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ مقامی رکن اسمبلی پی سنجیو رائو، کمیشن کے ارکان ایم رام بال نائک، بی ودیا ساگر، ایڈیشنل ایس پی، ڈی ایس پی، آر ڈی او اور دلت تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مقررین نے انسانی حقوق کے تحفظ کی اہمیت کے بارے میں شعور بیداری کی ضرورت ظاہر کی اور عوام کو واقف کرایا کہ انسانی حقوق سے متعلق کئی قوانین موجود ہیں۔ دلتوں پر مظالم کی روک تھام کے لیے پی او اے قانون پر عمل آوری اور اس کے تحت سزائوں کی تفصیلات سے واقف کرایا گیا۔ رکن اسمبلی سنجیوا رائو نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی قیادت میں ذات پات کی بنیاد پر امتیازی سلوک اور تفریق کا خاتمہ ہوا ہے۔ حکومت نے دلتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کمیشن قائم کیا ہے اور اس کے صدرنشین ای سرینواس تمام اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے دلت طبقات میں بھروسہ پیدا کررہے ہیں۔ صدرنشین کمیشن ڈاکٹر ای سرینواس نے یوم انسانی حقوق کے انعقاد پر ضلع کلکٹر اور نظم و نسق کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ مواضعات کی سطح پر اس طرح کے پروگراموں کے انعقاد سے شعور بیداری میں مدد ملے گی۔ 2005ء میں جی او 105 کے ذریعہ یوم انسانی حقوق کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دلت طبقات اپنے حقوق کے بارے میں لا علم ہیں جس کے سبب وہ مختلف شعبوں میں ناانصافی کا شکار ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے دلتوں کی بھلائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے اور ان کی تعلیمی معاشی ترقی کو یقنی بنایا۔ دیگر طبقات کے مساوی دلتوں کی ترقی حکومت کا اولین مقصد ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے گائوں کو ذات پات کی بنیاد پر امتیازی سلوک سے نجات دلائیں۔ کوئی بھی گائوں ایسا نہ رہے جہاں دلتوں کے ساتھ کوئی ناانصافی کی جارہی ہو۔ صدرنشین نے کہا کہ ذمہ داری سنبھالنے کے بعد انہوں نے خود کو حیدرآباد تک محدود رکھنے کے بجائے گائوں گائوں دورہ کرتے ہوئے دلتوں کے حالات کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اضلاع میں عوامی شعور بیداری پروگرام منعقد کیے جاچکے ہیں۔ صدرنشین کمیشن نے وقارآباد پولیس ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور پولیس کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ کلکٹر وقارآباد سید عمر جلیل نے پروگرام کی اہمیت اور افادیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ہر شخص کو اپنے حقوق کے بارے میں باشعور ہونا چاہئے۔ انہوں نے ایس سی ایس ٹی کمیشن کی جانب سے کی جارہی مساعی کو سراہا۔ سید عمرجلیل نے کہا کہ وقارآباد میں دلتوں کے ساتھ امتیازی سلوک کے واقعات میں کمی آئی ہے۔