ہریش راؤ کا جذبہ انسانی ہمدردی

چار متوفی صحافیوں کے خاندانوں کو شخصی طور پر فی کس ایک لاکھ کی امداد

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے پھر ایک مرتبہ انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حالیہ عرصہ میں فوت ہونے والے چار صحافیوں کے ارکان خاندان کو فی کس ایک لاکھ روپئے کی امداد حوالے کی ہے۔ انہوں نے مجموعی طور پر چار لاکھ روپئے اپنے جیب خاص سے ادا کئے اور صحافیوں کے خاندانوں کو آئندہ بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ہریش راؤ ہمیشہ ہی صحافیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور جب کبھی انہوں نے کسی صحافی کو مشکل یا دشواری میں دیکھا تو فوری اس کی امداد کیلئے آگے بڑھیں۔ حالیہ عرصہ میں سدی پیٹ میں چار صحافیوں کی بے وقت موت واقع ہوگئی تھی۔ ہریش راؤ ان کے مکانات پہنچے اور پسماندگان سے ملاقات کی ۔ آندھرا بھومی کے رپورٹر ہنمنت راؤ نے معاشی پریشانیوں کے سبب بیوی اور بچیوں کے ساتھ کنڈا پاک منڈل میں خودکشی کرلی تھی ۔ دوباک کے صحافی وینکٹ سوامی ، ٹیکمال کے سرینواس اور چنا شنکرم پیٹ سے تعلق رکھنے والے سدی راملو کی قلب پر حملہ کے باعث موت واقع ہوئی۔ ہریش راؤ نے ہر ایک کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں فی کس ایک ایک لاکھ کی امداد حوالے کی ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے ہر ممکن امداد کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی صحت کی بہتر نگہداشت کو یقینی بنانے کیلئے ہر ضلع میں ویلنیس سنٹر قائم کر رہی ہے ۔ صحافیوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے حکومت نے صحیح قدم اٹھائے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ صحافی کا مطلب سماج کے خدمات گزار ہوتے ہیں اور وہ حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات اور چیانلس میں کم تنخواہ پر کام کرتے ہوئے اپنے افراد خاندان کا پیٹ پالنے والے صحافیوں کا معاشی مسائل کے سبب خودکشی کرنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی ہر ممکنہ مدد کرے گی تاکہ وہ مسائل سے نجات حاصل کرے۔ حکومت نے جرنلسٹ ویلفیر فنڈ قائم کیا ہے۔ ہریش راؤ نے سڑک حادثات میں زخمی دو صحافیوں کی ذاتی طور پر مدد کی ۔ اس کے علاوہ ایک صحافی کی سڑک حادثہ میں موت پر افراد خاندان کو پانچ لاکھ روپئے کی امداد حوالے کی۔ ہریش راؤ ضلع میں صحافیوں کی بھلائی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کی اسکیمات میں بھرپور مدد دینے اور بیواؤں کو ملازمت کا تیقن دیا۔