ہریتا ہرم پروگرام کو کمپیوٹر سے مربوط نہ کرنے پر برہمی

دیہی سطح پر ایکشن پلان تیار کرنے عہدیداروں کو کلکٹر نظام آباد کی ہدایت
نظام آباد: 30؍ جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کلکٹر مسٹر رونالڈ روس نے ہریتا ہرم پروگرام کمپیوٹر سے مربوط نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ ہریتا ہرم، سوچھ بھارت، راما جیوتی پروگرام پر ضلع پریشد ہال میں ایم پی ڈی اوز، طمانیت روزگار عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے تلنگانہ ہریتا ہرم کی تفصیلات دیہی سطح پر پیش نہ کرنے پر عہدیداروں سے اس خصوص میں دریافت کرنے پر تفصیلات کی عدم فراہمی پر ضلع کلکٹر نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دیہی سطح پر ایکشن پلان کی عدم عمل آوری عہدیداروں کی کارکردگی پر ناراضگی ظاہر کی۔ ضلع میں ہریتا ہرم پروگرام کے تحت 3.30 کروڑ پودوں کی شجرکاری کیلئے منصوبہ بندی کی گئی تھی اور منڈل سطح پر عہدیداروں کی جانب سے دی گئی رپورٹ پر ضلع انتظامیہ کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ علیحدہ علیحدہ ہے۔ دیہی سطح پر نرسری کے بارے میں تفصیلات درج نہیں کی گئی۔لہذا تفصیلات پیش کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے یکم ؍ اگست بروز ہفتہ کو دوبارہ اس سے متعلق اجلاس منعقد کرنے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے مکمل رپورٹ کے ساتھ اجلاس میں شرکت کرنے کی ہدایت دی۔ عہدیداروں کی ناقص کارکردگی پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے برسات ہونے کی صورت میں فوری شجرکاری کرنے اور اس خصوص میں منصوبہ بندی کرنے، اس اسکیم کے تحت کام کرنے والے مزدوروں کو اجرتوں کی ادائیگی کرنے کی ہدایت دی ۔ سوچھ بھارت  کے تحت ہر منڈل میں ایک موضع کا انتخاب کرتے ہوئے منتخب کردہ موضع میں صد فیصد انفرادی بیت الخلائوں کی تعمیر کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ ہمارا گائوں ہماری منصوبہ بندی کے تحت پیش کردہ رپورٹ پر دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اقدامات کریں۔ حکومت کی جانب سے ہر دیہات کو 2.50 کروڑ روپئے منظور کرنے کے امکانات ہیں لہذا دیہی سطح پر جائزہ لیتے ہوئے منصوبہ بندی کریں اور عوام سے بات چیت کے بعد ہی اس بارے میں رپورٹ تیار کریں۔ اجلا س سے قبل ضلع کلکٹر مسٹر رونالڈ روس نے سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام کے سانحہ ارتحال پر خراج عقیدت پیش کیااور ان کے افراد خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ اس اجلاس میں جوائنٹ کلکٹر رویندرریڈی، اڈیشنل جوائنٹ کلکٹر راجہ رام، زیڈ پی سی ای او موہن لال، ڈی پی او کرشنا مورتی، ڈوموا پی ڈی وینکٹیشورلوکے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔