ہریتاہرم پراجکٹ پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت

شجرکاری اور فواروں کی بحالی، ایک کروڑ پودے لگانے کا نشانہ، دانا کشور کے احکامات

حیدرآباد۔19مئی (سیاست نیوز) شہر میں ہریتا ہرم پراجکٹ پر عمل آوری کے سلسلہ میں کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تمام عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں ڈپٹی ڈائریکٹرس بائیو ڈائیورسٹی سے مشاورت کرتے ہوئے اندرون 15یوم جی ایچ ایم سی حدود میں ہریتا ہرم پراجکٹ پر عمل آوری کو یقینی بنانے کے احکاما ت جاری کئے گئے ہیں۔مسٹر دانا کشور کمشنر جی ایچ ایم سی نے شہر میں موجود تمام ایسے چوراہوں پر جہاں فوارے موجود ہیں ان چوراہوں کی حالت کو بہتر بنانے کے علاوہ فواروں کو کارکرد بنانے اور اطراف میں شجرکاری کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے چلائے جانے والے ہریتا ہرم منصوبہ کے تحت کروڑوں پودے لگانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے اور جی ایچ ایم سی حدود میں بلدیہ نے بلدی حدودمیں ایک کروڑ پودے لگانے کا منصوبہ تیارکرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ شہر میں ہر سڑک پر جہاں شجر کاری ممکن ہوسکے کی جائے گی۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے شروع کی جانے والی شجر کاری مہم کے دوران لگائے جانے والے پودوں کے مقامات اور لگائے گئے پودے کی تاریخ بھی ریکارڈ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جی ایچ ایم سی کے اعلی عہدیداروں کی جانب سے اس بات پر بھی غور کیا جارہا ہے کہ بلدی حدود میں کی جانے والی شجرکاری کی جیو ٹیاگنگ کو بھی ممکن بنایا جائے تاکہ ان پودودں کو نکالنے کی صورت میںنکالنے والوں کے خلاف کاروائی کی جاسکے۔ حکومت تلنگانہ کے اس منصوبہ کو شہری علاقو ںمیں عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر جی ایچ ایم سی نے تمام زونل کمشنرس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہر حیدرآباد میں چلائی جانے والی شجرکاری مہم کی وہ راست نگرانی کرتے ہوئے رپورٹ تیار کریں تاکہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ایک کروڑ پودوں کی شجر کاری کے نشانہ کو مکمل کیا جاسکے ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے اپنے ماتحتین کو ہدایت دی ہے کہ وہ مانسون کی آمد سے قبل شجرکاری مہم کو مکمل کرلیں تاکہ مانسون کی آمد کا نئے پودوں کو فائدہ حاصل ہوسکے ۔ واضح رہے کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے اعلان کئے گئے ہریتا ہرم پراجکٹ میں جی ایچ ایم سی نے 40لاکھ پودوں کی شجرکاری کو ممکن بنانے کا اعلان کیا تھا اور اب کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق درگم چیروو کے اطراف اور شہر کے چوراہوں اور فٹ پاتھوں پر شجر کاری کے ذریعہ ایک کروڑ پودے لگانے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ مانسون کی آمد سے قبل اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔