ہتک عزت معاملہ ،عدالت میں ایم جے اکبر کا بیان درج

نئی دہلی، 31اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام ) خارجہ کے سابق وزیرمملکت مبشر جاوید اکبر نے صحافی پریہ رمانی کے خلاف دائر ہتک عزت کے اپنے مقدمہ کے سلسلہ میں بدھ کو دہلی کی ایک عدالت میں بیان درج کرایا۔رمانی نے مسٹر اکبر کے خلاف تقریباََ 20برس پہلے جنسی استحصال کا الزام لگایا ہے ۔ مسٹر اکبر ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ سمر وشال کی عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ رمانی نے جان بوجھ کر ، ارادتاََ اور بدنیتی سے میرے خلاف ہتک عزت کرنے والے الزام لگائے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایک ایجنڈہ کو پورا کرنے کے لئے ارادتاََ ان کے خلاف ایک جھوٹی شکایت نشر کی گئی۔انہوں نے کہاکہ رمانی نے نہ صرف سماج میں ان کے شبیہ کو گہری چوٹ پہنچائی ہے بلکہ ان کے ایسا کرنے سے برادری، دوستوں، کنبہ اور معاونین کے درمیان ان کی شبیہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے ۔ اس سے کافی انہیں بہت تکلیف ہوئی ہے ۔ مسٹر اکبر نے اپنی ہتک عزت سے متعلق شکایت میں رمانی کے خلاف دفعہ 499(ہتک عزت) اور تعزیرات ہند کی دفعہ 500کے تحت نوٹس جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ خیال رہے کہ پریہ رمانی، غزالہ ہاب، شوما راہا، انجو بھارتی، شوتاپا پال اور کچھ دیگر خواتین نے اکبر کے خلاف جنسی استحصال کے الزامات عائد کئے ہیں۔