ہاکی کیپٹن سریجیش نے پاکستان کے مقابل فتح کو اُری حملہ کے شہیدوں کے نام کردیا

بنگلورو ، یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل ہاکی ٹیم کیپٹن پی آر سریجیش نے ایشین چمپئن شپ ٹروفی فتح کو اُری حملہ میں شہید ہندوستانی سپاہیوں اور اُن کی فیملیوں کے نام کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ اُن کیلئے دیوالی کا تحفہ ہے جنھوں نے اس ملک کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جانیں گنوائی ہیں۔ سریجیش کوالالمپور سے یہاں پہنچنے کے بعد میڈیا سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ ایشین چمپئن شپ ٹروفی جیتنا ہندوستانی سپاہیوں کیلئے دیوالی کا تحفہ ہے۔’’ہماری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے سپاہیوں نے کسی اور تمغہ سے بڑھ کر اس میڈل کا لطف اُٹھایا ہوگا۔‘‘ سریجیش اور نیکن تھمیا ملائیشیا میں ایشین چمپئن شپ ٹروفی فائنل میںپاکستان کو 3-2 سے شکست دینے کے بعد گزشتہ شب تقریباً 11.45 بجے سٹی ایئرپورٹ پہنچے ہیں۔