ہاشم آملہ کی ورلڈ کپ ٹیم میں شمولیت پر سوالیہ نشان

جوہانسبرگ ۔16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ہاشم آملہ کی ناقص کارکردگی سے ان کی ورلڈ کپ میں شرکت خطرے کا شکارہے۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم کے سلیکٹر رواں ہفتے اعلان کریں گے کہ ہاشم آملہ ان کے کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے اسکواڈ کا حصہ ہوں گے یا نہیں۔ رپورٹ کے مطابق 36 سالہ ہاشم آملہ جنوبی افریقہ کے ونڈے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی کے طور پر جانے جاتے ہیں تاہم ان کی حالیہ کارکردگی بہتر نہیں رہی اور لگتا ہے کہ ان کی بڑھتی ہوئی عمر ان کی کارکردگی پر اثر انداز ہورہی ہے۔ ہاشم آملہ نے رواں سال کے آغاز میں سری لنکا کے خلاف ٹسٹ کرکٹ کی 4 اننگز میں51 رنز بنائے تھے جس کے بعد اس ہی ٹیم کے خلاف ونڈے کے اسکواڈ میں شامل نہیں ہو پائے تھے۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف آخری 2 ونڈے میچز کا حصہ بننا تھا تاہم ان کے والد کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے شرکت نہیں کرسکے تھے۔ ایک ماہ تک کرکٹ سے دور رہنے کے بعد ہاشم آملہ مقامی ٹی20 مقابلے میںکیپ کوبراز کی ٹیم میں اپریل کے آغاز میں واپس آئے تاہم ان کے پہلے 3 میچز میں انہوں نے صرف 28 رنز بنائے۔ جنوری میں کھیلی گئی پاکستان کے خلاف سیریز کے بعد سے انہوں نے کوبراز کے لئے سب سے زیادہ 32 رنز کی ایک اننگ کھیلی ہے۔