ہاسپٹل نے مردے کوایمس ریفرکیا،لواحقین کا ہنگامہ

راجگیری30اگست(سیاست ڈاٹ کام ) بہار کے ضلع نالندا میں بہار شریف تھانہ علاقے میں نالندا روڈ پر واقع ایک پرائیویٹ اسپتال نے مریض کی موت ہوجانے کے باوجود اسے راجدھانی پٹنہ کے ایمس اسپتال ریفر کر دیا۔ذرائع کے مطابق ضلع کے اتری تھانہ علاقے میں شہزاد پور گاؤں کی رہنے والی دیو کانت دیوی رکشابندھن کے دن موٹر سائیکل سے بھوج پور جا رہی تھی۔اس دوران موٹر سائیکل کے بے قابو ہوکر گرنے سے خاتون شدیدطور سے زخمی ہوگئی۔اہل خانہ نے علاج کے لئے زخمی کوبہار شریف کے ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا۔ذرائع کے مطابق اسپتال کے ڈاکٹر مریض کی حالت ٹھیک بتا رہے تھے ۔اس دوران اہل خانہ کو مریض سے ملنے بھی نہیں دیا گیا نیز اہل خانہ سے اسپتال انتظامیہ نے علاج کے نام پرتقریبا دو لاکھ روپئے وصول لئے ۔ڈاکٹروں نے آج صبح مریض کی حالت سنگین بتاتے ہوئے ایمس ریفر کر دیا ،لیکن اہل خانہ نے مریض کو مردہ حالت میں پایا۔اس معاملے پر اسپتال احاطے میں ان لوگوں نے خوب ہنگامہ کیا۔ہنگامے کی اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس نے اہل خانہ کو سمجھا بجھا کر معاملے کو رفع دفع کیا۔