ہارڈک کی شاندار بیٹنگ ،بنگلور کو ایک اور شکست

ممبئی ۔16 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلورکے 171 رنوں کے اسکورکو19 ویں اوورمیں ہی ممبئی انڈینس نے حاصل کرلیا۔ ہاردک پانڈیا نے 19 ویں اوورمیں 21 رن بنا کر میچ کو آخری اوورتک جانے ہی نہیں دیا۔ اس جیت کے ساتھ ممبئی پوائنٹ ٹیبل میں تیسرے نمبرپرپہنچ گئی ہے۔ وہیں بنگلورسب سے نیچے موجود ہے۔اس سے قبل روہت شرما اورکونٹن ڈی کاک نے ممبئی انڈینس کوبہترین شروعات دی۔ انہوں نے آتے ہی رائل چیلنجرس بنگلورکے بولروں کو نشانے پرلیا۔ دونوں نے چوکے چھکے لگائے اورٹیم کا اسکورپانچ اوور میں ہی 50 سے اوپرپہنچا دیا۔ ان دونوں کو معین علی نے ایک ہی اوورمیں آوٹ کردیا۔ اس کے بعد مڈل اووروں میں ممبئی دباو میں نظرآرہی تھی۔ اس کے بیٹسمینوں کورنز بنانے میں پریشانی ہورہی تھی۔ حالانکہ ایشان کشن نے آتے ہی چوکے اور چھکے لگائے اور21 رن بناکرپویلین لوٹ گئے۔ رائل چیلنجرس بنگلورنے اے ڈیویلیئرس (75) اور معین علی (50) کی نصف سنچریوں کی بدولت ممبئی کے سامنے جیت کے لئے 172 رن کا ہدف رکھا۔ آرسی بی نے ٹاس ہارکرپہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹ گنوا کر171 رن بنائے۔ ڈی ویلیئرس اورمعین علی نے تیسری وکٹ کے لئے طوفانی اندازمیں 95 رن بنائے۔ اس دوران دونوں نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ڈی ویلیئرس نے 4 اورمعین علی نے پانچ چھکے لگائے۔ آخری اوورمیں ڈی ویلیئرس سمیت تین وکٹ گری، جس سے بنگلورکو صرف 9 رنز ملے۔ ممبئی کی طرف سے لستھ ملنگا نے 31 رن دے کر4 وکٹ لئے۔اس سے قبل ممبئی انڈینس نے ٹاس جیت کرپہلے بولنگ کرتے ہوئے رائل چیلنجرس بنگلورکو پہلا جھٹکا دے دیا ہے۔ بنگلورکے کپتان وراٹ کوہلی 8 رنز بناکرجیسن بیہرن ڈارف کی گیند پرآوٹ ہوئے۔