گیٹلن نے تیز ترین دوڑ کا ریکارڈ برابر کر دیا

واشنگٹن، 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے متنازعہ اتھلیٹ جسٹن گیٹلن نے دو سو میٹر کی ریس 19.57 سکنڈ میں جیت کر ورلڈ چمپئن شپ میں یوسین بولٹ کا مقابلہ کرنے کیلئے اہلیت حاصل کرلی ہے ۔ اوریگان میں منعقدہ ٹرائلز میں 33 سالہ جسٹن نے 200 میٹر کی دوڑ انیس اعشاریہ پانچ سات سکنڈ میں مکمل کر کے سب کو حیران کر دیا۔ جسٹن کا سابقہ ریکارڈ 19.68 سکنڈ کا تھا۔ اب جسٹن تیز ترین افراد میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ دو سو میٹر کی ٹرائل دوڑ میں ینگ 19.93 سکنڈ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ خواتین کی دو سو میٹر کی دوڑ میں جینا پراڈنی 22.20 سکنڈ کے ساتھ پہلے نمبر پر رہیں اور بیجنگ مقابلوں کیلئے کوالیفائی ہوئیں۔ مردوں میں رکاوٹوں کی 110 میٹر دوڑ (ہرڈلز) میں ڈیوڈ اولیور 13.04 سکنڈ کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے۔