گینگسٹر نعیم کی موت پر اپوزیشن کو تکلیف : وزیر داخلہ

ماضی کی حکومتوں پر نعیم کو بڑھاوا دینے کا الزام ، کونسل میں این نرسمہا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔30ڈسمبر (سیاست نیوز) نعیم کی موت سے اپوزیشن کو تکلیف ہورہی ہے؟ ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے قانون ساز کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل جناب محمد علی شبیر ‘ مسٹر کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی‘ اور مسٹر ایم رنگا ریڈی کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ ریمارک کیا۔ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ انتہائی مطلوب مجرم کو شاد نگر میں پولیس انکاؤنٹر کے دوران ہلاک کیا گیا اور اس کے بعد اس کے مکانات اور دیگر مقامات پر جو چھاپے مارے گئے ان کی بنیاد پر کچھ مقدمات درج کئے گئے۔ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ ریاست میں نعیم کو سابقہ حکومتوں نے کافی بڑھاوا دیا جس کے سبب اس کی مجرمانہ سرگرمیوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ریاست میں امن و امان کی برقراری کے عہد کی پابند ہے اسی لئے غیر سماجی عناصر کی پشت پناہی نہیں کرتی ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں نعیم کی مجرمانہ سرگرمیوں کی تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلہ میں تاحال 119افراد کو حراست میں لیتے ہوئے پوچھ تاچھ کی گئی ہے اور انہیں مختلف مقدمات میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ نعیم کے انکاؤنٹر کے بعد کئے گئے دھاؤوں کے دوران دستیاب مواد کی بنیاد پر تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ان تحقیقات کے دوران جو انکشاف ہو رہے ہیں ان سے عدالت کو واقف کروایا جا رہا ہے۔ انہوں نے ڈائری میں موجود تفصیلات کے متعلق کہا کہ مقدمہ عدالت میں زیر دوراں ہے اور تحقیقات جاری ہیں اسی لئے اب تک پولیس کو جو مواد حاصل ہوا ہے اس کا انکشاف مناسب نہیں ہے کیونکہ اس سے تحقیقات متاثر ہو سکتی ہیں۔ارکان قانون ساز کونسل نے استفسار کیا کہ آیا واقعی نعیم کے گھر سے کوئی ڈائری برآمد ہوئی ہے اورپین ڈرائیو اور کمپیوٹر کی بات درست ہے تو مسٹر این نرسمہا ریڈی نے اثبات میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ بات سچ ہے کہ پولیس کو ان دھاؤوں کے دوران کافی مواد حاصل ہوا ہے جس کے ذریعہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ نعیم کی مجرمانہ سرگرمیوں میں کون ملوث ہیں اور اس کی سرگرمیوں کا دائرہ کار کس حد تک وسیع تھا۔مسٹر این نرسمہا ریڈی نے بتایا کہ نعیم کی مجرمانہ سرگرمیوں اراضیات پر قبضہ ‘ قتل اور دھمکی کے متعدد شکایات کی وصولی کے بعد اب تک محکمہ پولیس کی جانب سے 173مقدمات درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا جا چکا ہے اور تاحال پولیس نے کچھ مقدمات میں تحقیقات بھی مکمل کرلی ہیں۔نعیم کے انکاؤنٹر پر اپوزیشن کو تکلیف کے ریمارک پر اپوزیشن کی جانب سے شدید اعتراض کیا گیا۔