گیس کی قیمت میں اضافہ کیلئے مودی کا مکتوب

امبانی کو فائدہ پہنچانا مقصد‘گل پناگ کی تائید میں کجریوال کا روڈ شو
چندی گڑھ۔30مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال نے آج نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا کہ بی جے پی لیڈر نے مرکز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے گیس کی قیمتوں میں سہ گنا اضافہ کی درخواست کی تاکہ صنعتکار مکیش امبانی کو فائدہ ہو۔انہوں نے روڈ شو کے دوران یہ دعویٰ کیا کہ مودی کا لکھا ہوا مکتوب وہ بطور ثبوت پیش کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمت میں سہ گنا اضافہ کے پس پردہ محرکات یہ ہیں کہ امبانی کو فائدہ پہنچایا جائے کیونکہ وہ کئی تیل کے کنوؤں کے مالک ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے کھاد کی قیمت بھی بڑھے گی اس کے نتیجہ میں افراط زر شرح بھی بڑھ جائے گی اور اس کا فائدہ امبانی کو ہوگا ۔ یہ روڈ شو تقریباً 5گھنٹے جاری رہا‘ اس کا مقصد عام آدمی پارٹی امیدوار گُل پناگ کیلئے عوامی تائید حاصل کرنا تھا۔ کجریوال نے بی جے پی اور کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے امبانی کیلئے کام کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور راہول دونوں سفر کیلئے امبانی کا طیارہ استعمال کرتے ہیں ۔ وہ اس کے جواب میں امبانی کو دیگر کئی فوائد پہنچاتے ہیں ۔ امبانی کے خلاف تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ صنعت کار نے انتخابات کے دوران مودی اور راہول دونوں کو فنڈس فراہم کئے ۔ کجریوال نے کہا کہ انہوں نے کئی مقامات کا دورہ کیا لیکن انہیں مودی کی لہر نظر نہیں آئی ‘ یہ صرف میڈیا کی اختراع ہے۔ نریندر مودی کے دو حلقوں سے مقابلے کے فیصلے پر انہوں نے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہے کہ وہ خوفزدہ ہیں اور انہیں انتخابات میں کامیابی کا بھروسہ نہیں ۔

بہار کے کئی اضلاع میں آگ
پٹنہ ۔ /30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے کئی اضلاع میں آج آگ لگنے کے واقعات پیش آئے جس میں دو افراد ہلاک اور دیگر 11 زخمی ہوئے ۔ اس آگ کی وجہ سے 510 مکانات جلکر خاکستر ہوگئے ہیں۔