گیس سلنڈروں کی حد 9 سے 12 کرنے کا امکان

نئی دہلی ۔ 31 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت گھریلو استعمال کیلئے رعایتی پکوان گیس پر عائد تحدید میں نرمی لانے کیلئے تیار دکھائی دے رہی ہے کیونکہ کانگریس پارٹی کو ایسے طریقوں کی تلاش ہے جن کے ذریعہ وہ حالیہ اسمبلی چناؤ میں شکست فاش کے بعد جنرل الیکشن سے قبل اپنا کھویا مقام دوبارہ حاصل کرسکے۔ اس طرح کے اقدام کا مطلب ان چند اصلاحات سے مزید دستبرداری ہوگی جو یونائٹیڈ پروگریسیو الائینس (یو پی اے) اپنی دوسری میعاد میں متعارف کرائے ہیں۔ عام گھرانوں کو رعایتی شرحوں پر فی سال 12 گیس سلنڈرس تک حاصل ہوسکتے ہیں، جو موجودہ 9 سے 3 زائد ہوں گے، بشرطیکہ حکومت کانگریس پارٹی قائدین بشمول چیف منسٹروں کی ترغیب پر اس طرح کے اقدام پر راضی ہوجائے۔

ممبئی اور دہلی کے گیس صارفین کو آج سے نقد سبسیڈی
نئی دہلی 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)دہلی اور ممبئی کے گھریلو پکوان گیس (ایل پی جی) صارفین کل سے فوائد کی راست منتقلی اسکیم کے تحت گیس سلنڈروں کی خریدی پر نقد سبسیڈی حاصل کرسکیں گے۔ اِس اسکیم کو ملک کے مزید 105 اضلاع تک وسعت دی گئی ہے۔ یہ اسکیم جو تاحال 18 ریاستوں کے 184 اضلاع میں شروع کی گئی تھی، اُس کے تحت پکوان گیس صارفین کے بینک کھاتوں میں 435 روپئے پیشگی جمع ہوجائیں گے تاکہ وہ مارکٹ قیمت پر 14.2 کیلو گرام ایل پی جی سلنڈر خرید سکیں۔ فی الحال ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 414 روپئے ہے جبکہ اِس کی مارکٹ قیمت 1,021 روپئے ہے۔ پکوان گیس صارفین کو فوائد کی راست منتقلی کی اسکیم کے تحت آدھار کارڈ سے مربوط بینک کھاتوں میں رقومات فراہم کی جائیں گی۔