گیرتھ بیل کا فیصلہ کن گول،میڈرڈ شرمناک شکست سے محفوظ

میڈرڈ۔30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) رئیل میڈرڈ کو اس کے ویلش کھلاڑی گیرتھ بیل نے بڑی خفت اور شرمناک شکست سے بچالیا اور چیمپیئن کلب تیسرے درجے کی ٹیم کیساتھ میچ برابر کرنے میں کامیاب رہا تاہم مجموعی برتری کی بدولت ہسپانوی کلب ٹورنمنٹ کوپا ڈیل رے کے چوتھے راونڈ میں پہنچ گیا۔ٹورنامنٹ کے دوران رئیل میڈرڈ کی ٹیم فیونلابراڈا کے خلاف دوسرے مرحلے کا میچ کھیل رہی تھی۔ پہلے مرحلے کے دوران اس نے0-2 سے کامیابی حاصل کی تھی اور خیال یہی تھا کہ یہ میچ بھی رئیل میڈرڈ کے لئے مشکل ثابت نہیں ہوگا۔ اسی صورتحال کی وجہ سے کوچ زین الدین زیدان نے نسبتاً کمزور ٹیم کو میدان میں اتارا اور اس میں رونالڈو ، کریم بینزیمااور گیرتھ بیل شامل نہیں تھے۔کوچ کو اس وقت اپنی غلطی کا احساس ہوگیا جب فیونلابراڈا نے پہلے ہاف کے25ویں منٹ میں برتری حاصل کرلی اور رئیل میڈرڈ کی سر توڑ کوشش کے باوجود اسے برابر کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکی۔ دوسرے ہاف کے دوران بھی 15منٹ تک رئیل میڈرڈ کوئی گول نہ کرسکی تو کوچ نے مجبور ہو کر اسٹار کھلاڑی گیرتھ بیل کو کھیلنے بھیجا ،بیل زخمی ہونے کی وجہ سے کافی دنوں سے ٹیم سے باہر تھے اور حال ہی فٹ ہو کر واپس آئے تھے۔انہوں نے شاندار بورجا مایورال کو پاس دیا جسے گول میں بدلنے میں انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی۔ 7منٹ بعد بورجا نے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کرتے ہوئے رئیل میڈرڈ کو برتری دلا دی۔ میچ ختم ہونے سے صرف ایک منٹ پہلے فیونلابراڈا کی جانب سے پورٹیلا نے دوسرا گول کرکے میچ 2-2 سے برابر کردیا۔یادرہے کہ زین الدین زیڈان کی سرپرستی میں ریئل میڈرڈ کے مظاہرے شاندار ہیں اور فتوحات میں رونالڈو کا بھی اہم کردارہے۔