گھر کے باہر کچرا ڈالنے پر 500 روپئے جرمانہ کا انتباہ

سوریا پیٹ میں سرپنچوں کے تربیتی پروگرام سے ضلع کلکٹر کا خطاب

سوریا پیٹ۔/27 فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سوریا پیٹ ضلع میں نئے منتخب کردہ سرپنچوں کیلئے سری اربندو سائینسی مرکز ، گاریڈ پلی میں 5 روزہ تربیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ یہ پروگرام 26 فروری کو ہوا اور 2مارچ تک جاری رہے گا۔ پہلے مرحلے میں ناگارم، آتما کور ( ایس ) پالاکیڈو، مٹم پلی، میلا چیرو ، چنتلا پالم منڈلوں کے سرپنچوں کو تربیت دی گئی۔ اس پروگرام میں ضلع کلکٹر سوریا پیٹ ڈی اموئے کمار نے نئے منتخب کردہ سرپنچوں کو ان کے فرائض اور ذمہ داریوں اور انتظامیہ کی سرگرمیوں کے بارے میں وضاحت کی اور کہا کہ ہریتا ہارم پروگرام کو عمل میں لاتے ہوئے ہر سرکاری مدارس ، ہر سرکاری اسپتال اور عوامی مقامات پر شجرکاری کریں۔ ضلع کلکٹر سوریا پیٹ ڈی اموئے کمار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنچایت راج ایکٹ 2018 کے تحت گاؤں میں 100 فیصد ٹیکس کی وصولی اور ہر گھر میں بیت الخلاء کی تعمیر، گاؤں کو صاف ستھرا رکھنے اور ماحول کے تحفظ کی ذمہ داریوں کو انجام دینے کی تربیت دی اور کہا کہ پنچایت راج ایکٹ کے مطابق باہر کچرا پھینکنے والے افراد کو پانچ سو روپیوں کا جرمانہ ادا کرنا ہوگا اور کہا کہ عوام میں یہ اطلاع بذریعہ اعلان دیں۔ اس تربیتی پروگرام میں ضلع پنچایتی آفیسر یووی رام موہن راجو ، کے وی آر سکریٹری جی ستیہ نارائنہ ریڈی، ریاستی ایگزیکیٹو آفیسر بی راگھویندر راؤ، ایم پی ڈی او ، پروگرام سوپر وائزر ، 125 سرپنچ، ڈی پی او بھوپال ریڈی، ایم پی ڈی اوز اور دوسرے گرام پنچایت عہدیداران نے اس پروگرام میں شرکت کی۔