گھریلو کپڑاکاروبارجی ایس ٹی سے متاثر نہیں ہوگا

نئی دہلی، 29جون (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں یکم جولائی سے نافذ ہونے والے اشیا اور سروس ٹیکس (جی ایس ٹی) میں ان پٹ ٹیکس کریڈٹ کا انتظام ہونے کی وجہ سے اس سے گھریلو کپڑا کاروبار کے متاثر ہونے کا خدشہ نہیں ہے ۔جی ایس ٹی کی مخالفت میں کپڑا تاجر 27 سے 29 جون تک تین دن کی ہڑتال پر ہیں۔ ان کی دلیل ہے کہ آزادی کے بعد سے پہلی بار کپڑے پر ٹیکس لگایا جا رہا ہے ۔ اس سے اس صنعت پر برا اثر پڑے گا۔ حکومت نے جی ایس ٹی میں ایک ہزار روپے تک کے کپڑے پر ٹیکس کی شرح پانچ فیصد اور اس سے مہنگے کپڑے پر 12 فیصد طے کی ہے ۔وزارت خزانہ کے ایک سینئر افسر نے گھریلو ٹیکسٹائل کی صنعت کو جی ایس ٹی سے نقصان ہونے کی بات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صرف غیر ملکی ملٹی نیشنل کمپنیوں کو نقصان ہو گا کیونکہ اب انہیں بھی ٹیکس اداکرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں تک کہ اگر پہلے لباس پر ٹیکس نہیں لگایا جا رہا تھا، لیکن دھاگوں پر 12.5 فیصد کی شرح سے ٹیکس لگایا جا رہا تھا جو لباس کی قیمت میں شامل تھا۔ اس طرح جی ایس ٹی نافذ ہونے پر واقعی لباس پر ٹیکس کم ہو جائے گا۔