گھریلو ٹوٹکے

٭  8 کھانے کے چمچے لیموں کا رس لے کر اس میں ڈیڑھ کپ پانی ملائیں اور اچھی طرح مکس کرکے سر کی جلد پر اس آمیزے کا مساج کریں۔ دو تین گھنٹے بعد دھولیں ۔ سر کی خشکی دور کرنے کیلئے یہ نسخہ گویا تیربہدف ثابت ہوتا ہے۔
٭  ایک عدد انڈے کی سفیدی میں ایک کھانے کا چمچہ لیموں کا رس شامل کرکے اچھی طرح پھینٹ لیں اور پورے سر پر لگائیں۔ ایک گھنٹے بعد شیمپو کرلیں۔
٭  آدھی بالٹی پانی میں دو کھانے کے چمچے سرکہ ملائیں اور شیمپو کرنے کے بعد اس پانی سے بالوں کو دھوئیں ۔ جلد ہی خشکی کا خاتمہ ہوجائے گا۔
سر کی جلد اگر روغنی ہو تو خشکی پیدا ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں ۔ اگر آپ کے سر کے بال چکنے رہتے ہیں تو انھیں شیمپو کرنے سے قبل روئی کو ’’وچ ہیزل ایکسٹریکٹ‘‘ میں بھگوئیں اور بالوں کے حصے کرکے پورے سر کی جلد پر لگالیں۔ شیمپو کرنے کے بعد بالوں کے سروں پر کنڈیشنر لگائیں اور رات کو سونے سے پہلے بالوں کو ہلکے ہاتھ سے روزانہ 100 بار برش کریں ۔ اس سے سر کی جلد کا دوران خون تیز ہوگا ۔ ان چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں اور ہمارے تجویز کردہ نسخوں کو آزمائیں ۔ یہ بے ضرر گھریلو ٹوٹکے خشکی سے نجات حاصل کرنے میں آپ کے یقینی مددگار ثابت ہوں گے ۔