گھات لگا کر کئے گئے حملے میں 11 افغانی سیکوریٹی فوجی ہلاک

کابل ۔ 29 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے مغربی علاقہ میں طالبان کے گھات لگا کر کئے گئے ایک حملہ میں 11 افغانی فوجی ہلاک ہوگئے۔ تعجب خیز بات یہ ہیکہ افغان سیکوریٹی فورسیس نے ناٹو افواج کے تعاون کے بغیر اپنی پہلی لڑائی لڑی۔ ہیرات کے ضلع کاروج میں طالبان نے سیکوریٹی فورسیس کے ایک قافلہ کو نشانہ بنایا جس میں 11 افغانی فوجی ہلاک ہوگئے۔ افغان فوجی ایک پک اپ ٹرک پر سوار تھے۔ ہیرات گورنر کے ترجمان احسان اللہ حیات نے یہ بات بتائی جبکہ افغانستان کے مغرب میں فوج کے ایک ترجمان جیب اللہ نجیبی نے بھی حملہ کی توثیق کی اور یہ بھی بتایا کہ ہلاکتوں کے علاوہ چار فوجی شدید طور پر زخمی بھی ہوئے ہیں۔ حالانکہ اس حملہ کی کسی بھی تنظیم یا فرد نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن طالبان نے موسم بہار میں اپنے حملوں کی ابتداء کے بعد افغان سیکوریٹی فورسیس پر حملے میں اضافہ کردیا ہے اور اپنے اس مشن کو ’’عزم‘‘ سے موسوم کیا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ ناٹو کا جنگی مشن گذشتہ ڈسمبر میں 13 سال کے طویل عرصہ کے بعد ختم ہوگیا البتہ فوجیوں کی معمولی تعداد ہنوز وہاں موجود ہے تاکہ مقامی فوجیوں کی تربیت کے علاوہ وقت پڑنے پر ان کے ساتھ لڑائی میں بھی شامل ہوسکے۔