گٹکھا کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث پانچ افراد گرفتار

حیدرآباد ۔ /30 ستمبر (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے ممنوعہ گھٹکے کے کاروبار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 5 افر اد کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب 42 سالہ پی سری سیلم ساکن جیا نگر کالونی بوئن پلی گھٹکے کا کاروباری ہے اور وہ آسانی سے روپئے کمانے کیلئے کرناٹک سے گھٹکا کا اور تمباکو اشیاء حاصل کرتے ہوئے انہیں شہر میں فروخت کررہا تھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سری سیلم نے دیگر گھٹکے کے کاروباریوں وی سرینواس ، ٹی اشوک کمار اور دیگر کی مدد سے گھٹکے کا کاروبار شروع کیا اور شہر میں بڑے پیمانے پر گھٹکا فروخت کرنے لگا ۔ سری سیلم کی ایماء پر سرینواس اور اشوک کرناٹک کے ضلع بیدر سے ممنوعہ گھٹکے کا ایک بھاری لوڈ حاصل کرتے ہوئے اسے شہر منتقل کیا اور اسے فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا کہ ٹاسک فورس پولیس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر مہدی پٹنم کے قریب انہیں حراست میں لے لیا گیا ۔ پولیس نے اس کارروائی میں دو آٹو ڈرائیور بی اشوک ، اے سندیپ اور ایک حمال بی موکنت راؤ کو بھی حراست میں لے لیا ہے ۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 13 لاکھ مالیتی ممنوعہ گھٹکا برآمد کرلیا ۔