گوڈسے کی تقدیس آر ایس ایس کا مقصد: رام پنیانی

ہندو مہاسبھا کارکنوںکے گوڈسے کا مجسمہ نصب کرنے پر امتناع
ممبئی /30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مودی حکومت کی ناتھو رام گوڈسے کو تقدیس عطا کرنے کی ہندو مہاسبھا کارکنوں کی کوشش پر مودی حکومت کی ’’خاموشی‘‘ پر اعتراض کرتے ہوئے سماجی کارکن رام پنیانی نے اظہار حیرت کیا کہ تکثیریت پر اس حملہ کو حکومت ہند کیسے خاموشی سے برداشت کر رہی ہے۔ وہ بابائے قوم کی برسی پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ یہ تمام کارروائی آر ایس ایس کے مقصد اور منظر نامہ کے مطابق کی جا رہی ہے۔ میرٹھ سے موصولہ اطلاع کے بموجب پولیس نے آج ناتھو رام گوڈسے کے ایک مجسمہ کی اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کے دفتر کے احاطہ میں تنصیب کی مہاسبھائیوں کی کوشش کو ناکام بنادیا۔ ایس پی سٹی اوم پرکاش نے کہا کہ ایڈیشنل سٹی مجسٹریٹ برہما پوری دیپالی کوشڈ کی ہدایت پر ایسی کسی بھی سرگرمی کو روکنے کے لئے امتناعی احکام نافذ کئے گئے ہیں۔ پولیس نے ہفتہ کے دن سے ہی اس علاقہ کی ناکہ بندی کردی تھی، جب کہ گوڈسے کا مندر تعمیر کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔