گوڈسے کی تعریف پر بی جے پی نے پرگیہ ٹھاکر کی مذمت کی اور معذرت خواہی کی ہدایت دی

نئی دہلی ۔ 16مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے جمعرات کے دن بھوپال لوک سبھا نشست کی امیدوار پرگیہ سنگھ ٹھاکر کی جانب سے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھورام گوڈسے کو محب وطن قرار دینے کی مذمت کی اور اُن کو ہدایت دی کہ عوام سے معذرت خواہی کریں ۔ بی جے پی کے ترجمان جی ایل نرسمہا راؤ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم مہاتما گاندھی کے قاتل کے بارے میں پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے بیان کی مذمت کرتے ہیں اور واضح کرتے ہیں کہ پارٹی اس سے متفق نہیں ہے ۔ وہ نہیں جانتی کہ انہوں نے ایسا بیان کیوں دیا ۔ ان کیلئے مناسب ہوگا کہ اپنے قابل اعتراض بیان کیلئے برسرعام معذرت خواہی کریں ۔ پرگیہ سنگھ ٹھاکر مالے گاؤں دھماکہ مقدمہ کی ایک ملزم ہیں ۔ انہوں نے آج اپنے ایک بیان کے ذریعہ گوڈسے محب وطن ہے اور رہے گا کہتے ہوئے ایک نیا تنازعہ کھڑا کردیا ہے ۔ ایک خبررساں چینل سے مدھیہ پردیش میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ناتھورام گوڈے دیش بھگت ہے اور دیش بھگت رہے گا ۔ جو لوگ اُسے دہشت گرد قرار دیتے ہیں انہیں اس کے بجائے خود اپنا جائزہ لینا چاہیئے ۔ انہیں ان انتخابات میں منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔ پرگیہ سنگھ ٹھاکر ایک اداکار کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ تبصرہ کیا ۔ اُن سے اداکار سے سیاستداں بننے والے کمل ہاسن کے تبصرے پر ردعمل ظاہر کرنے کیلئے کہا گیا تھا ۔ کمل ہاسن نے کہا تھا کہ آزاد ہند کا پہلا انتہا پسند ایک ہندو تھا ۔ وہ گوڈسے کا حوالہ دے رہے تھے ۔ یہ پہلی بار نہیںہے جب کہ ٹھاکر کے انتہا پسند نظریات کی وجہ سے بی جے پی کو پریشانیلاحق ہوئی ہے کیونکہ اُس نے پرگیہ سنگھ ٹھاکر کو بھوپال لوک سبھا نشست کیلئے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے ۔