گوڈسے پر پرگیہ ٹھاکر کے بیان کی شدید مذمت : نتیش

طویل انتخابی شیڈول کی بھی مخالفت ۔ دو یا تین مراحل میں پولنگ کی وکالت ‘ چیف منسٹر بہار
پٹنہ 19 مئی ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے بی جے پی کی بھوپال لوک سبھا امیدوار پرگیہ ٹھاکرکی جانب سے گاندھی جی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کے حق میں دئے گئے بیان اور اسے محب وطن قرار دینے کی شدید مذمت کی ہے اور انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو چاہئے کہ اسے پارٹی سے خارج کرنے پر غور کرے ۔ نتیش کمار بی جے پی کی کٹر حلیف جنتادل یو کے صدر بھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی ایسی باتوں کو برداشت نہیں کریگی ۔ نتیش کمار نے یہاں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ ہم اس طرح کی باتوں کو برداشت نہیں کرینگے ۔ گاندھی جی بابائے قوم ہیں اور اگر کوئی بھی گوڈسے کو محب وطن قرار دیتا ہے تو لوگ اسے پسند نہیں کرینگے ۔ یہ پولنگ بوتھ جہاں نتیش کمار نے ووٹ دیا ہے وہ پٹنہ صاحب لوک سبھا حلقہ کے تحت آتا ہے جہاں سے کانگریس کے امیدوار شتروگھن سنہا امیدوار ہیں ۔ وہ تیسری بار یہاں سے انتخاب کیلئے کوشاںہیں ۔ ایک سوال پر کہ آیا بی جے پی کو ‘ پرگیہ ٹھاکر کو پارٹی سے خارج کرنے پر غور کرنا چاہئے نتیش کمار نے کہا کہ یقینا ایسا غور کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے تاہم فوری کہا کہ حالانکہ یہ بی جے پی کا داخلی مسئلہ ہے لیکن جہاں تک ملک اور نظریات کا تعلق ہے اس کے تعلق سے ایسی باتوں کو برداشت نہیں کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ پرگیہ ٹھاکر کے مسئلہ پر کسی بھی رد عمل کا اظہار کرنا خود بی جے پی کا کام ہے ان کا نہیں۔ نتیش کمار نے طویل انتخابی شیڈول پر بھی سوال کیا اور کہا کہ انتہائی گرمی میں یہ شیڈول نامناسب ہے ۔ انہوں نے عام انتخابات کو دو تا تین مراحل میں مکمل کرنے کی حمایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ فبروری ۔ مارچ یا پھر اکٹو بر ۔ نومبر ملک میں رائے دہی کیلئے بہتر موسمی حالات ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے رائے دہی کے ایام کے درمیان زیادہ فرق کی بھی مخالفت کی ۔ انہوں نے دستوری گنجائش فراہم کرنے پر زور دیا تاکہ انتخابات کو درج بالا مناسب وقت میں منعقد کیا جاسکے ۔ انہو ں نے کہا کہ وہ بحیثیت جنتادل یو صدر دوسری جماعتوں کو بھی اس تعلق سے مکتوب روانہ کرینگے۔
تاکہ اس پر اتفاق رائے پیدا کیا جاسکے ۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ انتخابات میں این ڈی اے کو کامیابی ملے گی ۔