گوڈسے ‘ دیش بھکت ‘پرگیہ ٹھاکر : بی جے پی کا عدم اتفاق

اگر مالوا ( مدھیہ پردیش ) 16 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی کی بھوپال لوک سبھا امیدوار اور مالیگاوں دھماکہ کی ملزم پرگیہ ٹھاکر نے آج ایک اور تنازعہ پیدا کردیا اور اس نے مہاتما گاندھی کے قاتل ناتھو رام گوڈسے کو دیش بھکت یا حب الوطن قرار دیا ۔ مدھیہ پردیش بی جے پی نے تاہم اس بیان سے خود کو علیحدہ کرلیا ہے اور کہا کہ وہ پرگیہ ٹھاکر کے بیان سے اتفاق نہیں کرتی کیونکہ گاندھی جی کو قتل کرنے والا دیش بھکت یا حب الوطن نہیں ہوسکتا ۔ ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے پرگیہ ٹھاکر نے کہا کہ ناتھو رام گوڈسے ایک دیش بھکت تھا ۔ وہ ہمیشہ دیش بھکت کی طرح یاد رکھا جائیگا ۔ جو لوگ اسے دہشت گرد قرار دے رہے ہیں انہیں اپنے آپ کو دیکھنا چاہئے ۔ اس بات انتخابات میں ایسے لوگوں کو کرارا جواب دیا جائیگا ۔ اس دوران مدھیہ پردیش بی جے پی نے خود کو پرگیہ ٹھاکر کے بیان سے علیحدہ کرلیا ہے اور کہا کہ یہ پرگیہ ٹھاکر کا شخصی بیان ہوسکتا ہے اور بی جے پی اس سے اتفاق نہیں کرتی ۔ بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ جو گاندھی جی کا قتل ہے وہ دیش بھکت نہیں ہوسکتا ۔