گورکھپور کو ایک بہترین شہر میں تبدیل کرنے کا عزم

کانگریس سے بی جے پی میں شامل ہونے والے بھوجپوری اداکار کشن کا بیان
نئی دہلی 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) بھوجپوری اداکار اور بی جے پی کے نومنتخبہ رکن پارلیمان روی کشن نے کہاکہ وہ گورکھپور کو شمالی ہند کا ایک بہترین شہر بنانا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ وہ یہ کام اترپردیش کے چیف منسٹر آدتیہ ناتھ یوگی کی قیادت میں کرنا چاہتے ہیں۔ کشن نے سماج وادی پارٹی کے اپنے حریف امیدوار کو 3 لاکھ سے زائد ووٹوں سے شکست دے کر لوک سبھا سیٹ حاصل کی ہے۔ آدتیہ ناتھ نے مسلسل 5 میعادوں کو اس سیٹ پر اپنا قبضہ برقرار رکھا لیکن 2017 ء کے ضمنی انتخابات میں انھیں یہاں شکست ہوگئی۔ روی کشن نے کہاکہ گورکھپور شہر بڑی ہی تیزی سے پھیل رہا ہے اور ٹریفک کا اژدہام اکثر اوقات اس شہر کو مفلوج کرکے رکھ دیتا ہے۔ اس شہر کو فلی اوورس کی سخت ضرورت ہے۔ انھوں نے مزید کہاکہ مختلف علاقوں میں چھ پُلوں کی ضرورت ہے۔ میں نے اس کے لئے نتن گڈکری کو نوٹس بھی دی ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ بہت جلد ایک اچھی خبر سننے میں آئے گی۔ مقامی نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے 49 سالہ اداکار کا ارادہ یہاں ایک فلمی شہر قائم کرنے کا ہے۔ کشن کو 2014 ء میں کانگریس امیدوار کی حیثیت سے اپنے پیدائشی شہر جونپور میں ذلت آمیز شکست ہوگئی تھی۔ بعدازاں اُنھوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔