گورو چریتا رکن اسمبلی کی تلگودیشم میں شمولیت کا امکان

وائی ایس آر کانگریس میں ٹکٹ سے محروم ، ایم ایل سی ٹکٹ کی پیشکشی سے مایوس
حیدرآباد /27 فروری ( سیاست نیوز ) وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے وابستہ حلقہ اسمبلی پانیم کی موجودہ رکن اسمبلی شریمتی گورو چریتا کو پارٹی ٹکٹ ملنے کے امکانات موہوم ہونے کے پیش نظر وہ اور ان کے افراد خاندان تلگودیشم پارٹی میں شامل ہونے کا امکان ہے اور پانیم کے علاوہ کلور منڈل کے اپنے حامیوں و کارکنوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس طلب کیا اور تلگودیشم میں شامل ہونے سے متعلق گورو فیملی صلاح و مشورے حاصل کر رہے ہیں اور اس طرح سمجھا جارہا ہے کہ گورو فیملی ( گورو چریتا رکن اسمبلی وائی ایس آر کانگریس پارٹی ) بہت جلد چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرکے تلگودیشم میں شمولیت اختیار کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق رکن ا سمبلی پانیم مسٹر کے رام بھوپال ریڈی نے گذشتہ چھ ماہ قبل ہی بی جے پی سے علحدگی اختیار کرکے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہوئے تھے اور اس کے فوری بعد ان کو ہی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ فراہم کرنے کو قطعیت دئے جانے کی پارٹی قائدین کی جانب سے بڑے پیماے پر تشہیر کی گئی

اور اس پبلسٹی کے خلاف موجودہ رکن اسمبلی کو نظر انداز کرکے کسی اور کو پارٹی ٹکٹ فراہم کرنے کا سوال ہی پیدا نہ ہونے کا گورو فیملی نے بھی بڑے پیمانے پر تشہیر شروع کی تھی اور اس تشہیر کے خلاف مسٹر کے بھوپال ریڈی کے حامیوں کی کثیر تعداد نے حلقہ اسمبلی میں مسٹر بھوپال ریڈی کو ہی پارٹی ٹکٹ فراہم کردئے جانے کی مہم میں شدت پیدا کی تھی ۔ لہذا اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے گورو چریتا ( گورو فیملی ) نے اپنی پد یاترا ختم کرکے حیدرآباد پہونچنے والے جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرکے پارٹی ٹکٹ کی فراہمی کے موقف کو واضح کرنے کی خواہش کی تھی ۔ جس پر بتایا گیا کہ جگن نے گورو فیملی کو واضح طور پر بتادیا کہ اسمبلی انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ فراہم نہیں کیا جائے گا ۔ تاہم ایم ایل سی کیلئے ٹکٹ کا تیقن دینے کی اطلاعات ہیں ۔ ان حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بتایا جاتا ہے کہ گورو فیملی کے حامیوں و پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی سے استعفی دیکر تلگودیشم میں ہی شمولیت اختیار کرلینے میں اپنی بہتری کا اظہار کرکے گورو فیملی کو بھی مشورہ دیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ گورو فیملی کے ارکان یکم یا 3 مارچ کو چندرا بابو نائیڈو سے ملاقات کرکے تلگودیشم میں شمولیت اختیار کرنے کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کریں گے ۔