گورنمنٹ ای این ٹی ہاسپٹل کو ترقی دینے حکومت کے اقدامات

7 کروڑ کا بجٹ منظور ، عصری ہاسپٹل کے ساتھ عصری آلات کی سہولت

حیدرآباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : حکومت کوٹھی میں واقع گورنمنٹ ای این ٹی دواخانے کو ترقی دینے کے اقدامات کررہی ہے اور اس مناسبت سے 7 کروڑ روپئے کا بجٹ منظور کیا گیا ہے اور اس رقم سے جدید عمارت کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ماڈیولر تھیٹر پر مشتمل پوسٹ آپریٹیو وارڈ کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ واضح ہو کہ کان ، ناک اور حلق کے علاج کے لیے قائم کیا گیا یہ دواخانہ ملکی سطح پر اس شعبہ میں اولین بڑا دواخانہ ہے ۔ 6.2 ایکڑ وسیع اراضی پر 1966 میں اس دواخانے کا قیام کیا گیا تھا اور اس دواخانہ میں 100 بیڈس کی گنجائش ہے جب کہ روزانہ 1000 ۔ 1500 آوٹ پیشنٹس علاج کے لیے رجوع ہوتے ہیں ۔ جن میں سے روزانہ 20 ۔ 25 مریضوں کو دواخانے میں شریک کر کے علاج اور آپریشنس کیے جاتے ہیں اس دواخانے میں فی الحال 5 آپریشن تھیٹرس موجود ہیں ۔ مگر مریضوں کی تعداد میں اضافہ کی وجہ سے آپریشن کے لیے مہینوں انتظار کرنا پڑرہا ہے ۔ جس کی وجہ سے مریضوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور دواخانہ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شنکر نے مریضوں کے مصائب کا تذکرہ کرتے ہوئے دواخانے کو ترقی دینے سے متعلق اعلیٰ عہدیداران کو رپورٹ روانہ کرنے پر 7 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں اور اسی مناسبت سے ٹی ایس ایم ایس آئی ڈی سی نے جلد از جلد ٹنڈرس طلب کر کے کاموں کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ دواخانہ ذرائع کے مطابق ایک ہفتہ کے اندر ٹنڈرس کی تکمیل کرلی جائے گی اس بجٹ کے ذریعہ کام مکمل ہونے کی صورت میں مزید 5 آپریشن تھیٹرس قائم کئے جاسکتے ہیں ۔ اس طرح جملہ 10 آپریشن تھیٹرس کے ذریعہ مریضوں کو انتظار کرائے بغیر بروقت علاج اور آپریشنس کیے جاسکتے ہیں ۔ مریضوں کی کثیر تعداد کی بنا محکمہ صحت کی جانب سے سال گزشتہ مزید دو یونٹ کے قیام کے اقدامات کئے گئے تھے جو عنقریب زیر استعمال ہوسکتے ہیں ۔ اس صورت میں جملہ 5 یونٹ کارکرد ہوں گے ۔ سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شنکر نے کہا کہ دواخانہ میں مریضوں کی کثرت کے پیش نظر دواخانہ کو ترقی دینے کے مقصد سے حکومت نے 7 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں ۔ عنقریب ٹنڈرس کی تکمیل کے بعد باقاعدہ کاموں کا آغاز کیا جائے گا ۔ جس کی وجہ سے دواخانہ میں آپریشنس تھیٹرس میں اضافہ ہوگا اور مریضوں کو آپریشنس کے لیے مہینوں انتظار کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔۔