گورنر کی وزیراعظم سے ملاقات

حیدرآباد 28 فروری (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش ای ایس ایل نرسمہن نے آج دہلی میں وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور دونوں ریاستوں کے بعض اہم اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ اُنھوں نے کل صدرجمہوریہ پرنب مکرجی سے بھی ملاقات کی تھی۔ دہلی میں قیام کے دوران گورنر نے چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس جے ایس کھیہر سے بھی ملاقات کرتے ہوئے ریاستی ہائیکورٹ کی تقسیم اور حالیہ عرصہ میں ہائیکورٹ ججس کے تقررات اور ہائیکورٹ میں زیرالتواء درخواستوں کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا۔ گورنر کا یہ دورہ انتہائی مصروف رہا جہاں اُنھوں نے اٹارنی جنرل مکل روہتگی سے بھی اہم اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ ہائی کورٹ کی تقسیم اور دو تلگو ریاستوں میں اسمبلی کی نشستوں میں اضافہ کے تعلق سے بات چیت کی گئی۔