گورنر مغربی بنگال ایم کے نارائنن نے استعفی دیدیا

نئی دہلی 30 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کے گورنر ایم کے نارائنن نے آج استعفی پیش کردیا ہے ۔ وہ مرکز میں این ڈی اے زیر قیادت حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد مستعفی ہونے والے چوتھے گورنر بن گئے ہیں۔ ان کا تقرر یو پی اے کے دور حکومت میں ہوا تھا ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع نے کہا کہ گورنر نے اپنا استعفی پیش کردیا ہے ۔ 80 سالہ ایم کے نارائنن سے حال ہی میں سی بی آئی نے آگسٹا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر اسکام کی تحقیقات کے سلسلہ میں بحیثیت گواہ پوچھ تاچھ کی تھی ۔ واضح رہے کہ کچھ دن قبل مرکزی معتمد داخلہ مسٹر انیل گوسوامی نے کچھ گورنرس کو فون کرتے ہوئے ان سے خواہش کی تھی کہ وہ مستعفی ہوجائیں تاکہ مودی حکومت نئے گورنرس کا تقرر عم میں لاسکے ۔ ناگالینڈر کے گورنر اشونی کمار ‘ اتر پردیش کے گورنر بی ایل جوشی اور چھتیس گڑھ کے گورنر شیکھر دت پہلے ہی مستعفی ہوچکے ہیں۔ اس دوران چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے بتایا کہ مسٹر نارائنن سرکاری طور پر 4 جولائی کو روانہ ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے نارائنن کے استعفی پر کوئی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ۔ بنرجی نے کہا کہ ان کے خیال میں نارائنن 4 جولائی کو روانہ ہو رہے ہیں۔ انہوں نے اس تعلق سے مزید تبصرہ کرنے سے انکار کردیا اور صرف اتنا کہا کہ ان کی اطلاعات کے مطابق مسٹر نارائنن 4 جولائی کو روانہ ہو رہے ہیں۔