گورنر اور دیگر قائدین کا گاندھی جی کو خراج

حیدرآباد 30جنوری (سیاست نیوز) دونوں تلگو ریاستوں تلنگانہ اور اے پی کے مشترکہ گورنرای ایس ایل نرسمہن نے گاندھی جی کی برسی کے موقع پر شہر حیدرآباد کے باپو گھاٹ پر گاندھی جی کو بھرپورخراج پیش کیا۔انہوں نے گاندھی جی کی خدمات کویاد کیا۔مختلف سیاسی جماعتوں،تنظیموں کی جانب سے بھی باپو گھا ٹ پر گاندھی جی کوخراج پیش کیاگیا۔اس موقع پر دعائیہ اجتماع بھی منعقد کیا گیا ۔باپو گھاٹ پہونچ کر بابائے قوم کو خراج پیش کرنے والے قائدین میں ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی، ریاستی وزیرداخلہ این نرسمہا ریڈی، دیگر ریاستی وزراء بشمول سرینواس یادو، صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی و دیگر شامل ہیں۔ اسی دوران گاندھی جی کی برسی کے موقع پر اے پی کے وزیراعلی این چندرا بابو نائیڈو نے ان کو بھرپورخراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چندرابابونائیڈو نے کہاکہ کئی ممالک میں آزادی کی تحریک کا جذبہ گاندھی جی نے پیدا کیا ۔انہوں نے کہاکہ جنوبی افریقہ میں سیاہ فام افراد سے امتیاز کے خلاف گاندھی جی نے آواز اٹھائی تھی۔ دنیا بھر میں گاندھی جی کے اہنسا اور ستیہ گرہ کے اصولوں پر عمل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کواپنے کارناموں سے متاثر کرنے والی شخصیتوں میں گاندھی جی سرفہرست ہے ۔