گودھرا ٹرین مقدمہ ، اپیلوں پر ہائیکورٹ کا فیصلہ محفوظ

احمدآباد ۔ 29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گجرات ہائیکورٹ نے آج 2002ء گودھرا ٹرین آتشزنی مقدمہ کے سلسلہ میں داخل کردہ اپیلوں پر اپنا فیصلہ محفوظ کردیا۔ وکلائے دفاع واستغاثہ کے دلائل کی سماعت کرنے کے بعد جسٹس اننت ڈوے اور جسٹس جی آر دوانی نے آج اپنا فیصلہ محفوظ کردیا۔ 27 فبروری 2002ء کو سابرمتی ایکسپریس کا ڈبہ ایس 6 نذرآتش کردیا گیا تھا جس میں 59 افراد جن میں سے بیشتر کارسیوک تھے، ہلاک ہوگئے تھے جس کے نتیجہ میں ریاست گیر فسادات پھوٹ پڑے تھے، جن میں 1200 سے زیادہ بیشتر مسلم افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ وکیل صفائی نے دیگر باتوں کے علاوہ فارنسک ماہرین کی شہادتوں میں کوتاہیوں پر انحصار کیا جبکہ ایس آئی ٹی نے عینی شاہدین اور فارنسک کی خبروں پر انحصار کیا۔ جج پی آر پٹیل نے 22 فبروری 2011ء کو 31 افراد کو مجرم قرار دیا تھا۔