گوتم اڈانی کی فرم بینکوں کو 72,000 کروڑ روپئے واجب الادا

وزیر اعظم سے قربت والا کارپوریٹ گروپ وجئے ملیا کے قرض سے 8 گنازیادہ رقم باقی
نئی دہلی 30 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) شراب کے تاجر و یو بی گروپ کے صدر نشین وجئے ملیا کے مختلف بینکوں کو 9,400 کروڑ روپئے کے واجبات کا مسئلہ گذشتہ دنوں موضوع بحث رہا لیکن کچھ کارپوریٹ گھرانے ایسے بھی ہیں جو ملیا کے قرض سے آٹھ گنا زیادہ یعنی 72,000 کروڑ روپئے مختلف بینکوں کو واجب الادا ہیں۔ یہ گروپ کوئی اور نہیں بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی سے قربت رکھنے والا گوتم اڈانی کا اڈانی گروپ ہے ۔ جاریہ ماہ کے اوائل میں یہ مسئلہ راجیہ سبھا میںموضوع بحث آیا تھا ۔ اس وقت یہ بتایا گیا تھا کہ گوتم اڈانی اور ان کی کمپنی کو حکومت سے ناقابل تصور مدد مل رہی ہے اور اس کے قرضہ جات جملہ 72,000 کروڑ روپئے کے ہیں۔ ایوان میں جے ڈی یو کے ایک رکن نے بتایا تھا کہ ملک کے کارپوریٹ گھرانے عوامی شعبہ کے بینکوں کو پانچ لاکھ کروڑ روپئے واجب الادا ہیں۔ ملک میں پانچ کمپنیاں ایسی ہیں جو بڑی قرض دار ہیں۔ ان میں لینکو ‘ جی وی کے ‘ سز لان انرجی ‘ ہندوستان کنسٹرکشن کمپنی اور ایک اڈانی گروپ و اڈانی پاور نامی کمپنی بھی شامل ہے ۔ یہ کمپنی طویل مدتی اور مختصر مدتی دونوں ملا کر جملہ 72,000 کروڑ ر وپئے بینکوں کو واجب الادا ہے ۔ ایوان میں اپوزیشن ارکان ے کہا تھا کہ وہ نہیں جانتے کہ اس کمپنی کا حکومت سے کیا خاص تعلق ہے ۔ وہ نہیں جانتے کہ حقیقت کیا ہے لیکن اس کمپنی کے مالک گوتم اڈانی ہر اس مقام پر جاتے ہیں جہاں وزیر اعظم جاتے ہیں چاہے وہ چین ہو ‘برطانیہ ہو ‘ امریکہ ہو ‘ یوروپ ہو یا پھر جاپان ہو۔ کہا گیا کہ اس کمپنی کو جو مراعات فراہم کی گئیں وہ ناقابل تصور ہیں۔ گجرات میں اس کمپنی کو خصوصی معاشی زون کیلئے جو اراضی دی گئی وہ ہائیکورٹ کی کی سرزنش کے باوجود منظور کی گئی ہے ۔