گوا کے سابق وزیر کے خلاف ایف آئی آر غیر قانونی ٹنڈر اسکام کا شاخسانہ

پنچی۔/31ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) گوا کے سابق پبلک ورکس ڈپارٹمنٹ وزیر اور کانگریس کے سینئر قائد چرچل الیماؤ کے خلاف کروڑہا روپئے کے ٹنڈر اسکام میں ملوث ہونے پر ایک معاملہ درج کیا گیا۔ کرائم برانچ ، الیماؤ اور پی ڈبلیو ڈی کے ایک سینئر عہدیدار پی ٹی پارکر کے خلاف ایک معاملہ درج کیا ہے جس میں انہیں گذشتہ سال رونما ہوئے 300کروڑ روپئے کے اسکام میں مبینہ طور پر ملوث بتایا گیا۔ یاد رہے کہ الیماؤ اور دیگر کے خلاف ناٹو نیشنل اسٹوڈنٹ یونین آف انڈیا (NSVI) کے نائبصدر سنیل کاؤتھینکر نے شکایت درج کروائی تھی کہ وزارت پی ڈبلیو ڈی نے 258 ٹنڈرس غیر قانونی طور پر الاٹ کرتے ہوئے حکومت کو دھوکہ دیا ۔

ورکس ڈیویژن ( روڈس ) کے شعبہ سے ان ٹنڈرس کا تعلق تھا اور فی ٹنڈر تخمینہ پانچ لاکھ روپئے یا اس سے زائد تھا۔ جاریہ سال 19ستمبر کو پرنسپل سیشنس جج انوجا پربھو دیسائی نے کرائم برانچ کو ہدایت کی تھی کہ اس معاملہ کو درج کیا جائے تب کہیں جاکر ایف آئی آر درج کی گئی۔ شکایت کے مطابق ورکس ڈیویژن ( روڈس ) کے شعبہ میں غیر قانونی طور پر 258 ٹنڈرس الاٹ کئے گئے تھے کیونکہ ان ٹنڈرس کے لئے اخبارات میں کوئی اشتہار نہیں دیا گیا تھا جو CPWD رہنمایانہ خطوط کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ شکایت کنندہ نے ادعا کیا غیر قانونی ٹنڈرس صرف پسندیدہ کنٹراکٹرس کو ہی الاٹ کئے گئے۔ بعد ازاں پارکر نے اعتراف کیا کہ اس نے الیماؤ کی ایماء پرغیر قانونی ٹنڈرس الاٹ کئے۔ اس واقعہ کی تحقیقات کے بعد بادی النظر میں وزیر پر لگائے گئے الزامات درست معلوم ہوئے۔