گوا لوک سبھا کی 2 نشستوں کیلئے بی جے پی امیدوارکو قطعیت

پاناجی 17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اتوار کو گوا بی جے پی کور کمیٹی ارکان کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دو لوک سبھا نشستوں کیلئے امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی گئی۔ 23 اپریل کو تین اسمبلی حلقوں اور دو لوک سبھا حلقوں کے لئے انتخابات منعقد ہوں گے۔ اسپیکر اسمبلی پرمود ساونت نے کہاکہ نارتھ گوا اور ساؤتھ گوا کے لئے دو ناموں کو قطعیت دی جاچکی ہے لیکن اُنھوں نے ناموں کا انکشاف کرنے سے انکار کیا اور دونوں ناموں کو ہائی کمان کے لئے روانہ کردیا گیا ہے جو بعد میں باضابطہ اعلان کریں گے۔ موجودہ گوا نارتھ اور ساؤتھ حلقے بی جے پی کے قبضہ میں ہیں جہاں سے مرکزی وزیر ایوش شری پدنائیک اور نریندر سوائے کر نمائندگی کرتے ہیں۔ ہفتہ کو گوا کے چیف منسٹر منوہر پاریکر کی صحت میں مزید بگاڑ کے نتیجہ میں قیادت کی تبدیلی کی جانب اشارہ کیا جارہا تھا لیکن ہائی کمان نے تبدیلی کو یکسر مسترد کردیا۔