گنے کا شربت درجنوں فوائد کا حامل مشروب

موسم گرما سے جسم میں پانی کی کمی ، قوت مدافعت میں اضافہ ، ہاضمہ کو قوت ، الرجی سے حفاظت کا حامل
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : موسم گرما کی شدت اور صحت کی حفاظت کے لیے ماہرین اور ڈاکٹروں نے عوام کو مشورے اور تجاویز دینے شروع کردئیے ہیں جن میں ایک تجویز متوسط طبقے سے لے کر سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے ہر فرد کے لیے آسان ہے اور وہ موسم گرما میں آسانی سے دستیاب ہونے والا مشروب ’ گنے کا شربت ‘ ہے ۔ ویسے تو گنے کا شربت سستا ہی ہوتا ہے لیکن ایک گلاس گنے کے شربت میں جو خوبی اور صحت بخش عناصر ہوتے ہیں اس طرف عوام کی اکثریت کی توجہ نہیں جاتی اس کے برعکس لوگ کول ڈرنکس کے نام پر مضر مشروبات سے پیٹ بھرتے ہیں ۔ گنے کے شربت میں سب سے اہم چیز پیاس بجھانے کے علاوہ اس میں جسم کی قوت مدافعت بڑھانے کے اجزائے موجود ہوتے ہیں ۔ گنے کے شربت میں قدرتی شکر ہونے کے علاوہ منیریلس اور نیوٹرینس ہوتے ہیں جو کہ جسم کی قوت مدافعت کو مستحکم کرتے ہیں ۔ گنے کے شربت میں کئی ’ انٹی اکسیلی ڈینٹس ‘ ہوتے ہیں جو کہ الرجی سے حفاظت ، ہاضمہ کو مضبوط بنانے کے علاوہ پیٹ کے ’ پی ایچ ‘ کی سطح کو متوازن رکھتا ہے ۔ علاوہ ازیں گنے کا شربت چونکہ قدرتی شکر ہوتی ہے جو پینے والے کو فورا قوت اور توانائی کا احساس کرواتا ہے اور جسم میں پانی کی کمی سے ہونے والے مسائل کو حل کرتا ہے ۔ نیز گنے کے شربت میں پوٹاثیم موجود ہوتا ہے جو کہ پیٹ کے مسائل کو حل کرنے میں معاون ہوتا ہے تاہم اگر کسی کو پیٹ کے امراض کے علاج کا سامنا ہے تو وہ ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر گنے کا شربت استعمال نہ کریں ۔ ویسے تو گنے کے شربت کے کئی فوائد ہیں تاہم اسے خریدنے کے وقت مقام کی صفائی اور برف کے استعمال سے اجتناب کریں تاکہ بیماریوں کے کوئی مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔۔