گنیش نمرجن کے انتظامات کیلئے 20,000 پولیس ملازمین تعینات

جلوس کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت ۔ جائزہ اجلاس سے وزیرداخلہ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 29 اگسٹ ۔ ( این ایس ایس) وزیر داخلہ نائینی نرسمہا ریڈی نے حکام کو آج ہدایت کی کہ گنیش تہوار اس انداز میں منعقد کیا جائے کہ اس سے دنیا بھر میں حیدرآباد کا روایتی بہترین امیج اُجاگر ہوسکے ۔ نرسمہا ریڈی گنیش تہوار پر سکریٹریٹ میں آج ایک جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں گنیش اُتسو سمیتی کے عہدیدار ، ارکان قانون ساز کونسل چنتلہ رامچندر راؤ ، این وی وی ایس پربھاکر ، بھانو پرساد راؤ کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں ، چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما ، ڈی جی پی انوراگ شرما ، اسپیشل چیف سکریٹری ایم جی گوپال ، پرنسپال سکریٹری ( نظم و نسق عامہ ) آدھار سنہا ، پرنسپال سکریٹری محکمہ داخلہ راجیو تریویدی ، کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر جناردھن ریڈی ، سٹی پولیس کمشنر پی مہندر ریڈی، سائبرآباد پولیس کمشنرس نوین چند ، مہیش بھاگوت ، ایڈیشنل ڈی جی انجنی کمار ، کمشنر اطلاعات نوین متل ، معتمد انسداد آلودگی بورڈ انیل کمار ، ضلع رنگاریڈی کے کلکٹر رگھونندن راؤ ، ڈی جی فائر سرویسیس راجیو رتن ، بھاگیہ گنیش اُتسو سمیتی کے ارکان بھاگونتا راؤ ، ششی دھر ، بدم بال ریڈی اور وزراء ٹی سرینواس یادو ، ٹی پدما راؤ ، پی مہندر ریڈی نے بھی شرکت کی ۔ وزیر داخلہ نے گنیش تہوار کے پرامن انعقاد کیلئے تمام ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت کی ۔ انھوں نے شہر میں ان انتظامات کیلئے 20,000 ملازمین پولیس کو تعینات کرنے اور گنیش جلوس گذرنے کے راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی ہدایت کی ۔ نرسمہا ریڈی نے گنیش تہوار کے تیسرے دن سے 14 ویں دن تک 21 مقامات پر مورتیوں کے نمرجن کے لئے 70 غیرمنقولہ اور 70 قابل منتقلی کرینس استعمال کئے جائیں گے ۔