گلوکارہ آشا بھونسلے کی 82ویں سالگرہ

نیویارک۔/8ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام) ممتاز گلوکارہ آشا بھونسلے جو کہ ان دنوں نیویارک میں اپنے فن کا مظاہرہ کررہی ہیں ان کی 82ویں سالگرہ کے موقع پر مبارکباد پیش کرنے والوں سے اظہار تشکر کیا ہے۔ آشابھونسلے13ستمبر کو نیو جرسی میں ایک پروگرام پیش کرنے والی ہیں، ایک ٹوئٹر پیام میں کہا کہ ’’ شکریہ۔ بہت بہت شکریہ جنہوں نے میری سالگرہ کی پرجوش مبارکباد پیش کی ہے۔‘‘ گزشتہ 60سال سے اپنی آواز کا جادو جگانے والی آشا بھونسلے نے اپنی بڑی بہن ملکہ ترنم لتا منگیشکر کو بھی گرانقدر رہنمائی کرنے پر ہدیہ تشکر پیش کیا۔ آشا بھونسلے 40 کے عشرہ میں فلمی دنیا سے وابستہ ہوئیں اور نامور موسیقاروں اوپی نیر، سچن دیو برمن، آر ڈی برمن، خیام اور بھپی لہری کے ساتھ کام کیا اور ان کے مقبول عام نغمے ’جھمکا گرا رے‘ رات اکیلی ہے، آجا آجا، دم مارو دم، دل چیز کیا ہے، آج بھی یادگار بنے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں نوجوان موسیقار اے آر رحمن، انو ملک کے ساتھ فلم’ بازیگر‘ ’رنگیلا ‘اور ’تال ‘میں کام کیا ہے۔