گلبرگ فساد کیس :عدالتی فیصلہ پر بی جے پی مسرور

نئی دہلی / احمد آباد 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )نریندر مودی کو گجرات کی ایک عدالت کی جانب سے 2002 کے فسادات کیس میں کلین چٹ دیئے جانے کی آج بی جے پی نے اخلاقی فتح قرار دیتے ہوئے ستائش کی جبکہ کانگریس نے کہا کہ قانونی عمل کا راستہ ہنوز کھلا ہے اور بائیں بازو نے اسے بدبختانہ قرار دیا۔ اصل اسم چیف منسٹر مودی نے عدالتی فیصلے کے بعد اپنے رد عمل میں بس اتنا کہا ،’’سچائی کی ہی فتح ہوتی ہے !‘‘مودی نے مائیکرو بلاگنگ سائیٹ ٹوئیٹر پر لکھا ،’’ستیہ میئو جیَتے!‘‘عدالتی حکمنامے کا خیر مقدم کرتے ہوئے بی جے پی نے کانگریس کو نشانہ بنایا

اور کہا کہ وہ مودی کو کسی فوجداری مقدمہ میں پھانسنے کوشاںہے کیونکہ وہ ان سے سیاسی طور پر لڑنہیں سکی۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر ارون جیٹلی نے یہاں کہا،’’عدالت کے فیصلے نے پھر ایک بار یہ قائم کردیا کہ سچائی ڈٹی رہتی ہے،جھوٹ بکھر جاتی ہے…. الزامات سیاسی بدخواہی کی وجہ سے عائد کئے گئے ،لیکن دروغ گوئی کبھی سچائی کا متبادل نہیں ہوسکتی ہے ۔ سینئر کانگریس لیڈر ابھیشک مانوسنگھوی نے کہا کہ یہ قانونی طریقہ کار ہے۔ تمام قانونی راہیں شکایت کنندہ کیلئے ہنوز کھلی ہیں ۔یہ بالکلیہ گمراہ کن اور غلط ہے کہ بی جے پی اسے عدالتی آراء کے بارے میں حرف آخر یا توثیق سمجھ رہی ہے ۔ سی پی آئی (ایم) کی پولیٹ بیورو ممبر برنداکرت نے کہا کہ اس کیس میں ثبوت پر عدالت کی جانب سے ’’سنجیدگی سے غور نہیں کیا گیا۔‘‘ اس کیس کی ایس آئی ٹی ٹیم کے سربراہ سابق سی بی آئی ڈائرکٹر آر کے راگھون نے کہا کہ عدالتی فیصلہ سے ان کے کام کی توثیق ہوگئی ہے۔