گریٹر حیدرآباد میں 15 اگست سے آنکھوں کا معائنہ و علاج کے کیمپس

300 کیمپس منعقد کرنے کا فیصلہ، میئر کا کلکٹر حیدرآباد و رنگاریڈی و دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس

حیدرآباد۔30جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے آنکھوں کے معائنہ وعلاج کے سلسلہ میں شروع کی جانے والی اسکیم مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں بلدیہ کی نگرانی میں شروع کی جائے گی اور اس اسکیم سے بلدی حدود میں 1کروڑ 20لاکھ شہریوں کو فائدہ پہنچایا جائے گا۔ مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن نے آج ضلع کلکٹر حیدرآباد مسز یوگیتا رانا ‘ ضلع کلکٹر رنگا ریڈی مسٹر رگھونندن راؤ ‘ مسٹر بی جناردھن ریڈی کمشنر جی ایچ ایم سی کے ہمراہ جائزہ اجلاس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوںنے بتایاکہ 15 اگست سے شروع ہونے جا رہے ’’آنکھوں کی روشنی ‘‘ پروگرام کو حیدرآباد میں ہر شہری تک پہنچانے کے اقدامات کئے جائیں اور جی ایچ ایم سی کے کمیونٹی ہال اور سرکاری عمارتوں کا انتخاب کرتے ہوئے ان میں آنکھوں کے معائنہ کے کیمپ منعقد کئے جائیں گے ۔ مسٹر بی رام موہن راؤ نے بتایا کہ کیمپ کے اوقات کار صبح 9 بجے تاشام4بجے رہیں گے۔ انہوں نے عہدیداروںکے ہمراہ منعقدہ اس اجلاس کے دوران بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے 150 بلدی حلقہ جات ہیں اور ہر بلدی حلقہ میں 2 آنکھوں کے معائنہ کیمپ قائم کئے جائیں گے اس طرح بلدی حدود میں 300 آنکھوں کے معائنہ کیمپ قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ مئیر جی ایچ ایم سی نے بلدی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تمام کیمپ میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات کریں آنکھوں کے معائنہ کے لئے پہنچنے والوں کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہونے پائے۔اس اجلاس میں مسز بھارتی ہولیکری ‘ مسٹر مشرف علی فاروقی‘ مسٹر این روی کرن کے علاوہ دیگر اعلی عہدیدار موجود تھے۔ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ بلدی حدود میں منعقد کئے جانے والے ان آنکھوں کے معائنہ کیمپ میں معائنہ اور علاج کیلئے پہنچنے والوں کیلئے لازمی ہے کہ وہ آدھار کارڈ ساتھ لائیں تاکہ حکومت کی اس اسکیم سے استفادہ حاصل کیا جاسکے۔ انہوں نے اپنے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جلد از جلد اپنے علاقو ںمیں کیمپ کے انعقاد کے مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے مطلع کریں تاکہ ان کی تشہیر کو ممکن بنایاجاسکے۔ حکومت تلنگانہ کی اس اسکیم کے متعلق انہوں نے بتایاکہ ملک بھر میں منفرد اس اسکیم پر عمل آوری اور 1کروڑ 20 لاکھ افراد تک اس کا فائدہ پہنچانے کا نشانہ مقرر کرتے ہوئے کام کرنے والی بلدیہ کو بھی اس بات کا منفرد اعزاز حاصل ہوگا کیونکہ ملک میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ایسی واحد بلدیہ ہوگی جو آنکھوں کے معائنہ کی اسکیم کو اتنی بڑی تعداد میں شہریوں تک پہنچائے گی۔