گرین کارڈ یا امریکی ویزے کے حامل ہندوستانیوں کو عرب امارات میں ایئرپورٹ پر ویزا ملے گا

کراچی 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات حکومت نے ایسے ہندوستانیوں کو ایئرپورٹ پر ویزا دینے کا فیصلہ کیا ہے جنکے پاسپورٹ پر امریکی ویزا موجود ہوگا یا وہ گرین کارڈ کے حامل ہونگے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ اس طویل اسٹریٹجک شراکت داری کا نتیجہ ہے جسکے تحت دونوں ملکوں کے درمیان سیاسی، سفارتی، معاشی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہونگے اور ہندوستانی شہریوں کو ویزے کے حصول میں سہولت ملے گی۔ فیصلے کے تحت ایسے ہندوستانی شہری جن کے پاسپورٹ پر کم از کم 6  ماہ کی معیاد کا امریکی ویزا موجود ہوگا یا ایسے بھارتی شہری جو امریکی گرین کارڈ کے حامل ہوں گے انہیں متحدہ عرب امارات کے کسی بھی ایئرپورٹ پر آمد کے موقع پر ابتدائی طور پر 14 دن کا ویزا دیا جائے گا۔ اس ویزے میں صرف ایک مرتبہ توسیع کرائی جا سکے گی جو 14 دن کیلئے ہی کی جائے گی۔