گرو گوبند سنگھ کی یوم پیدائش تقاریب

کیز ہائی اسکول گراؤنڈ سکندرآباد پر ’وشال دیوان‘ کا انعقاد

حیدرآباد 31 ڈسمبر (این ایس ایس) پربندھک کمیٹی گردوارہ صاحب سکندرآباد کے زیراہتمام دسویں اور آخری سکھ گرو، سری گرو گوبند سنگھ کے 351 ویں پرکاش اُتسو (یوم پیدائش تقاریب) کے سلسلہ میں اتوار کو کیز ہائی اسکول گراؤنڈ سکندرآباد پر وشال دیوان (بڑا اجتماع) منعقد ہوا۔ جس کا آغاز صبح 10.30 بجے ہوا اور یہ سہ پہر 3 بجے تک جاری رہا جس میں دس تا پندرہ ہزار سکھوں اور دوسری کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ وشال دیوان میں مشہور راگی جتھوں نے گربانی کیرتنس اور گربانی کتھائیں پیش کئے۔ اجتماع کے اختتام پر شرکاء کے لئے گرو کا لنگر کا اہتمام کیا گیا۔ اس اجتماع میں پربندھک کمیٹی کے صدر ایس بلدیو سنگھ بگہ اور سکریٹری ایس اوتار سنگھ نے شرکاء کا خیرمقدم کیا۔