گرمی کی لہر برقرار ، جملہ 2248 اموات

نئی دہلی ۔ /31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کی لہر برقرار ہے اور مرنے والوں کی تعداد 2248 تک پہونچ گئی ہے ۔ ریاست آندھراپردیش سب سے زیادہ متاثر رہی جہاں آج مزید 41 افراد کی موت واقع ہوگئی ۔ ناگپور میں درجہ حرارت 47.1 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا جبکہ اترپردیش کے بنڈہ میں درجہ حرارت 46.4 تھا ۔ اڈیشہ میں سن اسٹروک کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے ۔ گجرات میں 7 افراد اور دہلی میں دو کی لو لگنے سے موت واقع ہوگئی ۔ دہلی میں آج عوام کو شدید گرمی سے قدرے راحت ملی تاہم اعظم ترین درجہ حرارت 40.6 تھا ۔ راجستھان میں بھی گرمی کی لہر برقرار ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق یہ صورتحال آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہے گی ۔