گرمی میں فرحت بخش غذائیں

گرمی جب اپنے عروج پرہوتو آپ کیلئے بہت ضروری ہوتا ہے کہ وہ وافرمقدار میں پانی پییں، تاکہ آپ سرکے درد میں مبتلانہ ہوں اور آپ پر تھکن، غنودگی اور بے ہوشی طاری نہ ہو۔ بجائے اس کے کہ آپ کیفین آمیز مشروبات پییں، یاایسے مشروبات پییں، جوجھاگ دار ہوتے ہیں۔ اپنی روز مرہ کی غذاؤں میں درج ذیل چیزیں بھی شامل کرلیں ، جوصحت بخش ہونے کے علاوہ پانی کی کمی کوبھی پورا کرتی ہیں:
کھیرا:کھیرے میں 95فیصد پانی ہوتا ہے، لہٰذا یہ پانی کی کمی کوپورا کرتا ہے۔ اگر آپ سلاد کھاتے ہیں تو اس میں کھیرا ضرورشامل کریں، کیونکہ کھیرے میں حیاتین ج (وٹامن سی) ہوتی ہے، جو آپ کی مدافعتی قوت میں اضافہ کرتی ہے۔ اس میں ذہنی دباؤ دور کرنے والی حیاتین ب (وٹامن بی) اور دل کو توانائی دینے والی حیاتین کے (K) بھی پائی جاتی ہے۔
تربوز: اس میں 92فیصد پانی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ مانع نکیسر ہے، جو سرطان کے خلاف مزاحمت کرتا ہے اور آزاد اصلیوں کے خلاف کام کرتا ہے سرخ تربوز میں ایک صحت بخش جزو لائکوپین بھی ہوتا ہے، جس سے دل توانا رہتا ہے۔ تربوز میں بیٹا کیروٹین بھی ہوتا ہے۔ یہ خاص جزو قدرتی طور پر ہماری جلد کی حفاظت کرتا ہے اور بالاے بنفشی شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ یہ جلدی سرطان ہونے کے امکانات کو کم کرتاہے۔