گرلز ہاسٹل بودھن کی چھت بوسیدہ‘ پلاسٹر گرنے سے تین طالبات شدید زخمی

بودھن ۔ 3 ؍ مارچ ( (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی سی ہاسٹل برائے نسواں کی بوسیدہ چھت کا پلاسٹر اچانک لڑکیوں کے سر پر گر پڑا جس کے باعث تین طالبات (زیر تعلیم انٹر میڈیٹ) شیلجا بائی پی سی ‘ منجولہ بائی پی سی اور سادھنا MLT شدید زخمی ہوگئی جن کے سر اور ہاتھ پیروں سے خون بہنے لگا ۔ شیلجا اور سادھنا شدید زخمی ہونے کی وجہ سے انہیں فوری نظام آباد ضلع ہاسپٹل روانہ کر دیاگیا ۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ طالبات گذشتہ روز سالانہ امتحان لکھ کر اپنے ہاسٹل واقع شربتی کنال بودھن پہنچیں تھیں جہاں طعام سے فارغ ہونے کے بعد سستانے اپنے کمرے کا رخ کیا تھا ‘ ذرائع کے بموجب سال 2012 میں اس 30 سالہ قدیم بی سی ہاسٹل کی عمارت کو بی سی طالبات کے لئے مختص کیا گیا ۔ اس ہاسٹل میں تقریباً 92 طالبات قیام پذیر ہیں ۔ ہاسٹل وارڈن کے بموجب ہاسٹل کی عمارت بوسیدہ ہونے کے تعلق سے انتظامیہ کو واقف کروایا گیا تھا لیکن اس بوسیدہ عمارت کی داغ دوزی کر کے پھرسے اس عمارت میں طالبات کو شریک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ واڑڈن کے لاوانیا نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ اور ڈگری میں زیر تعلیم تقریباً 92 طالبات اس بی سی گرلز ہاسٹل میں قیام پذیر ہے ۔