گرفتاری کا وارنٹ ،ایرانی باکسر صدف کی وطن واپسی منسوخ

لندن ۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ایران کی پہلی خاتون باکسر صدف خادم نے حکام کی جانب سے حجاب نہ کرنے کے بعد باکسر اورکوچ سمیت ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے پر وطن واپسی منسوخ کر دی۔ تفصیلات کے مطابق افیشل باکسنگ میں شرکت کرنے والی پہلی ایرانی خاتون صدف خادم کی ترجمان نے کہا کہ تہران میں ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں اس لیے واپسی کا ارادہ ترک کردیا ہے۔ صدف خادم کے علاوہ فرانس میں مقیم ایرانی نژاد سابق عالمی چمپیئن باکسر مہیار منش پور نے بھی ایرانی واپسی کا ارادہ کرلیا تھا لیکن ان کے بھی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں۔ مہیار کے ترجمان کلارا ڈالے نے کہا کہ مہیار منیش پور فرانسیسی شہری ہیں اور وہ صدف خادم کے ہمرا ایران جانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں تھے لیکن ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ صدف خادم نے گزشتہ روز باکسنگ کے ایک مقابلے میں مقامی باکسر اینی چوون کو شکست دے دی تھی۔ پیرس میں موجود 24 سالہ صدف نے اگلے ہفتے کے آغاز میں اپنے آبائی علاقے منیش پور واپس آنے کی تیاری کرلی تھی۔ فرانسیسی شہری کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر فرانس کی وزارت خارجہ کی جانب سے تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا تاہم ایرانی سفارت خانے کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے۔ پیرس میں ایرانی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ انہیں صدف خادم اور ان کے کوچ کے گرفتاری کے وارنٹ جاری ہونے کی تصدیق کے لیے درخواست آئی ہے۔