گجویل سے کے سی آر کی شکست یقینی : ہنمنت راؤ

ٹی آر ایس سے سماج کا کوئی طبقہ خوش نہیں ، آئی اے ایس آفیسرس سے بھی نا انصافی باعث تشویش
حیدرآباد ۔ 30 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں اسمبلی حلقہ گجویل سے کے سی آر کو شکست ہوجائے گی ۔ تلنگانہ میں مخالف حکومت اور موافق کانگریس لہر چل رہی ہے ۔ پسماندہ طبقات کے آئی اے ایس آفیسرس سے انصاف نہیں کیا گیا تو غریب عوام سے انصاف ہونے کی امید رکھنا فضول ہے ۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس کے دور حکومت میں ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتی آئی اے ایس آفیسرس سے ہی انصاف نہیں ہورہا ہے ۔ ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے ان طبقات کے آئی اے ایس آفیسرس نے ان سے ہونے والی نا انصافیوں کا جائزہ لیا ہے جو تشویش کی بات ہے ۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ عہدیداروں میں یہ رجحان پایا جاتا ہے تو اندازہ ہوتا ہے کہ کے سی آر نے گذشتہ ساڑھے چار سال کے دوران کس طرح کی حکمرانی کی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے سماج کا کوئی بھی طبقہ خوش نہیں ہے ۔ یہاں تک کہ آئی اے ایس عہدیدار بھی خوش نہیں ہے ۔ حکومت نے سینئیر آئی اے ایس عہدیداروں کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی من مانی کرنے کے لیے جونیر آئی اے ایس عہدیداروں کو اہم عہدوں پر نامزد کیا ہے ۔ وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس کی الٹی گنتی شروع ہوگئی ہے ۔ ٹی آر ایس کو شکست دینے کے لیے عوام 7 دسمبر کا بڑی بے چینی سے انتظار کررہے ہیں ۔ یہاں تک کہ کارگزار چیف منسٹر کے سی آر کو بھی اسمبلی حلقہ گجویل سے شکست ہوجائے گی ۔ اپنی امکانی شکست کو محسوس کرتے ہوئے کے سی آر دوسرے اسمبلی حلقہ سے بھی مقابلہ کرنے کے لیے سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ کانگریس کے سینئیر قائد نے بتایا کہ ان کی جانب سے شروع کردہ اندرا وجئے یاترا کو زبردست عوامی ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ اسکریننگ کمیٹی سے ملاقات کرتے ہوئے بی سی طبقات کو ہر پارلیمانی حلقہ میں 2 ٹکٹ دینے اور خاندان سے صرف ایک ہی رکن کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں مخالف حکومت اور موافق کانگریس لہر چل رہی ہے ۔ عظیم اتحاد کی تشکیل سے کانگریس کی طاقت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے ۔۔