گجرات کے وزیراعلی نے سدھو کو پاکستان کا دلال قرار دیا

ولساڈ، 17اپریل (سیاست ڈاٹ کام) گجرات کے وزیراعلی وجے روپانی نے کرکٹر سے سیاستداں بنے کانگریس کے لیڈر اور پنجاب کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو پر حملہ کرتے ہوئے آج ان پر پاکستان کی دلالی کرنے کا الزام لگایا۔ روپانی نے بہار کی ایک انتخابی ریلی میں کل مسٹر سدھو کی طرف سے مسلم رائے دہندگان سے متحد ہوکر مودی حکومت کو ہٹانے کے لئے پولنگ کرنے کی اپیل کا ذکر کرتے ہوئے نامہ نگاروں سے کہاکہ یہ بیان کانگریس کی اقلیتوں کی نازبرداری اور فرقہ پرستانہ سیاست کی علامت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سدھو نے پلوامہ کے دہشت گردانہ حملے کے بعد اور اس سے پہلے پاکستان حامی بیان بھی دے ئے تھے۔ وہ وہاں کے وزیراعظم عمران خان کی دوستی کے سبب پاکستان کی دلالی کرنے میں مصروف ہیں۔ مزیدار بات یہ ہے کہ مسٹر سدھو آج گجرات میں کانگریس کے حق میں تشہیر کررہے ہیں۔ احمد آباد ضلع کے دھولکہ میں ایک اجلاس میں انہوں نے وزیراعظم مودی کو ایک بار پھر نشانہ بنایا اور ان پر صرف بڑے صنعت کاروں کی مدد کرنے کا الزام لگایا ۔ انہوں نے کہاکہ بینکوں کا این پی اے مودی حکومت میں بڑھ کر 17لاکھ کروڑ روپے ہوچکا ہے جبکہ یہ سابقہ منموہن سنگھ حکومت کے وقت محض 2لاکھ کروڑ ہی تھا۔ مودی حکومت 25لاکھ سرکاری ملازمتیں خالی ہونے کے باوجود بھرتی نہیں کررہی جبکہ ہر گلی چوراہے پر بے روزگار نوجوان موبائل لیکر گھومتے پھر رہے ہیں۔