گجرات کے تعلیمی نصاب میں امبانی پر مضمون

احمد آباد ۔ 30 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : طلباء میں صنعتکاری کا جذبہ پیدا کرنے کے لیے حکومت گجرات اسکولی نصاب میں ریلائنس گروپ کے بانی دھیرو بھائی امبانی پر ایک مضمون شامل کرنے کی تجویز رکھتی ہے ۔ ریاستی وزیر تعلیم بھوپیندرا سنہا چوڈاسما نے حال ہی میں منعقدہ اسٹیٹ ٹیکسٹ بکس بورڈ کے اجلاس میں یہ آئیڈیا پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں کو دھیرو بھائی امبانی جیسی ممتاز شخصیتوں کی زندگی اور جدوجہد کے بارے میں واقف کروایا جائے ۔ گجرات اسٹیٹ اسکول ٹیکسٹ بکس بورڈ کے سربراہ نیتن پیٹھانی نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ تعلیمی نصاب میں ممتاز شخصیتوں کے ساتھ غیر معروف شخصیتوں کو بھی شامل کیا جائے گا جنہوں نے اپنی خدمات سے سماج میں گرانقدر تعاون کیا تھا ۔ قبل ازیں حکومت گجرات نے اسکولی نصاب میں یوگا بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔۔